نوشہرہ(خبر ایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علما اسلام (ف) کے صد سالہ تاسیسی اجتماع میں مختلف دینی و سیاسی جماعتوں کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ میں ایک جماعت یا مسلک کا نمائندہ نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کا نمائندہ ہوں ۔سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ امن کا پیغام شیخ الہند حضرت مولانا محمودالحسن کا مشن ہے اور ہم اس مشن کو جاری رکھیں گے۔ہم صرف پاکستان میں نہیں پوری دنیا میں
امن چاہتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ جمعیت کے اسٹیج پر تمام جماعتوں کے قائدین اور نمائندے موجود ہیں پاکستان کا حزب اقتدار ہو یا حزب اختلاف سب نے آکر ہمیں عزت بخشی اور ہماری اس پر امن تحریک کو اچھے الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے اور آج دنیا پر واضح ہو جا نا چاہیے جمعیت امن والوں کی جماعت ہے۔ہمیشہ کی طرح سب کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہمولانا فضل الرحمن کو اس عظیم الشان اجتماع کے انعقاد پر مبارکباد دیتاہوں ۔ جماعت اسلامی ہمیشہ ملک میں دینی قوتوں کے اتحاد کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے ، ملک میں شریعت کے نفاذ کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ دین اور اسلام کی بات کرنے والوں کے باہمی اختلافات ہیں ،دشمن متحد جبکہ دینی قوتیں انتشار کا شکار ہیں،میں مولانا فضل الرحمن کو دینی جماعتوں کو متحد کرنے کا اختیار دیتا ہوں، پاکستان جل رہاہے اور اسلام دشمن قوتیں پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اللہ نے پاکستان کو بہترین اسٹریٹجک محل وقوع ، بیشمار وسائل اور بہادر افواج سے نوازا ہے اگر کوئی کمی ہے تو وہ صرف دینی قوتوں کے باہمی اختلافات ہیں ۔ پاکستانی قوم کے ساتھ ساتھ اہل کشمیر ، اہل فلسطین اور شام و اراکان کے مظلوم مسلمانوں کی پکار ہے کہ عالم اسلام متحد ہو جائے ۔ سینیٹر سرا ج الحق نے کہاکہ دینی جماعتیں ملک میں خلافت کے نظام پر متفق ہیں ۔ میں اکابر علما سے اپیل کرتاہوں کہ وہ قوم کو باہمی اختلافات سے نکال کر اتحاد و یکجہتی کا درس دیں تاکہ ملک میں غلبہ اسلام کی جدوجہد کو کامیاب بنایا جاسکے ۔ اجتماع کے دوسرے روزپیپلز پارٹی کے رہنماو چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، قائد حزب اختلاف خورشید شاہ ، مسلم لیگ ن کے رہنما، سینیٹ میں قائد ایوان راجا ظفر الحق نے بھی شرکت کی ۔چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ دنیا میں اسلام کے خلاف منصوبے کے تحت سازش کی جارہی ہے اسلام کو بدنام اور دہشت گرد مذہب ثابت کیا جا رہا ہے مغربی قوتیں مسلم ممالک میں ابتری پیدا کرنا چاہتی ہیں۔مسلم ممالک کو ایک دوسرے سے دست و گریباں کرانا چاہتی ہیں بد قسمتی سے مغربی قوتیں سازش میں کامیاب ہو رہی ہیں۔سینیٹ میں قائد ایوان راجا ظفر الحق کا کہنا تھا کہ ہم ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اور رسول اکرم ؐ کے پیغام کو لے کر آگے بڑھیں گے جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ اجتماع میں لاکھوں کی تعداد میں کارکنان شریک ہو کر اس عزم کا اظہار کررہے ہیں کہ 100 سالہ جدوجہد کے نتیجے میں جو مشن ہمارے لیے چھوڑا ہے اس مشن کو لے کر چلیں گے۔