پاکستان تحریک انصاف نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کیس میں فریق بننے کے لیے عدالت عظمیٰ سے رجوع کر لیا ہے اور ایک درخواست عدالت عظمیٰ میں دائر کی ہے

130

لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان تحریک انصاف نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کیس میں فریق بننے کے لیے عدالت عظمیٰ سے رجوع کر لیا ہے اور ایک درخواست عدالت عظمیٰ میں دائر کی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے عدالت عظمیٰ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کی،جس میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی حکومتی اپیل میں فریق بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت اورنج لائن ٹرین کے بارے میں حقائق چھپا رہی ہے۔ درخواست گزار میاں محمود الرشید نے دعویٰ کیا ہے کہ قانونی ضابطے پورے نہ کرنے پر پنجاب حکومت نے کروڑوں روپے ضائع کر دیے۔میاں محمود الرشید نے الزام لگایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے معلومات فراہم نہ کرنا منصوبے کی شفافیت پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ درخواست گزار نے بتایا کہ ان کی جماعت تحریک انصاف بھی کے پی کے میں انفرااسٹرکچر پر کام کر رہی ہے۔پشاور کے میٹرو پروجیکٹ سے روزانہ 4 لاکھ 50ہزار مسافر سفر کر سکیں گے۔درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کے پی کے کا میٹرو پروجیکٹ پنجاب کے میٹرو پروجیکٹ سے لاگت میں کم اور زیادہ شہریوں کی سفری سہولیات کے لیے ہے۔ درخواست گزار کے مطابق وسیع تر قومی مفاد میں درخواست گزار کو فریق بننے کی اجازت دی جائے۔