پی ایف یو جے(دستور) مندوبین کا اجلاس 19 مئی سے اسلام آبا دمیں ہوگا

115

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے2 سالہ مندوبین کا اجلاس 19,20,21 مئی 2017ء کو راولپنڈی اسلام آباد میں ہوگا، جس میں آئندہ سال کے لیے مرکزی عہدیداران کا انتخاب کیا جائے گا۔ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (دستور) جس کے صدر مظہر اقبال اور جنرل سیکرٹری خاور نواز راجہ ہیں میزبانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ اس بات کا فیصلہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا، جو ہفتے کو ادریس بختیار صدر پی ایف جے کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ایف یو جے کے سابق صدور سعود ساحر، نواز رضا، شکیل ترابی، فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر سجاد حیدر، آزاد جموں و کشمیر یونین جرنلسٹس کے طاہر عباسی، افراز گردیزی، پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر خاور ریاض ڈوگر، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر مظہر اقبال، جنرل سیکرٹری خاور نواز راجہ، رحیم یار خان یونین آف جرنلسٹس کے صدر جاوید اقبال، ملتان یونین آف جرنلسٹس کے شکیل میر، پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل رفعت قادری، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اعظم گوندل، آر آئی یو جے کی الیکشن کمیٹی کے ارکان طارق محمود سمیر اور میاں منیر نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ایف یو جے کے صدر ادریس بختیار نے 25 مارچ 2017ء کو 8 رکنی کمیٹی کی نگرانی میں آر آئی یو جے کے انتخابات کے نتیجے میں منتخب ہونے والے عہدیداران کو تسلیم کرنے کے حق میں رولنگ دی اور کہا کہ خود ساختہ الیکشن کے بارے میں سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ اجلاس میں طے پایا کہ تمام یونٹ اپنے انتخابات کروا کر مندوبین کی فہرستیں چیئرمین الیکشن کمیٹی اور پی ایف یو جے کے صدر کو بروقت بھجوا دیں۔ اجلاس میں رمضان عادل، سید انور قدوائی، امیر یوسف زئی اور ملک شکیل میر کی والدہ محترمہ کی وفات پر گہرے دکھ و غم کا اظہار کیا گیا جبکہ ملک شکیل میر کے والد محترم، صحافی عبدالرحمن اور سینئر صحافی محسن رضا کی صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔