ہ ریلوے کی نجکاری کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے اور نہ ہی اس کی کوئی ضرورت ہے,وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق

123

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کی نجکاری کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے اور نہ ہی اس کی کوئی ضرورت ہے ،مسافر کے ساتھ مال بردار ٹرینوں کو بھی نجی شعبے کے حوالے کرنے کا ارادہ ہے،رائل پام کلب کیس میں ریلوے انصاف کا طلبگار ہے ،تنقید کرنے والے ہماری کارکردگی کو بھی مدنظر رکھیں ۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خوشی اس بات کی ہے کہ شالیمار ایکسپریس سے آمدن بڑھ رہی ہے، پچھلے برس اس ٹرین کے ذریعے 66کروڑ کی آمدن ہوئی،رواں برس اس ٹرین کے ذریعے 114کروڑ کی آمدن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے دن بدن بہتری کی طرف گامزن ہے، محکمہ ریلوے میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں، کرپشن کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، میرے ہوتے ہوئے کوئی کرپشن کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا، بعض لوگ میرے جانے کے انتظار میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رائل پام کلب کیس میں ریلوے انصاف چاہتا ہے،عدلیہ سے گزارش ہے کہ رائل پام کلب کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے، ملکی ترقی کے لیے ریاستی اداروں کو عوام کی امنگوں اور آ ئنی تقاضوں کے مطابق کام کرنا ہوگا،محکمہ ریلوے کلب چلانے کا متحمل نہیں، نجی شعبے کی شراکت داری کی حوصلہ شکنی کا تاثر غلط ہے ، نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے، ریلوے ملازمین کو ہر ممکن سہولتوں کو ترجیح دے رہے ہیں، ملازمین کی سہولتیں اور کوٹا سسٹم بحال رکھا جائے گا، کوئی ایسا کام نہیں کریں گے جس سے ریلوے ملازمین کو کوئی مشکل پیش آئے،اپنی محنت سے ریلوے کو مشکل حالات سے نکال دیا ہے اور اب ریلوے بہتری کی طرف گامزن ہے اور منافع بخش بن گیا ہے۔