یونس خان کا دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان

81

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے لئے سب سے زیادہ رنز بنانے والے نامور بیٹسمین اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، واضح رہے کہ وہ پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ بین الاقوامی میچوں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔ یونس خان نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کرکٹ کے ذریعے اپنی طرف سے ملک کی بہترین خدمت کرنے کی کوشش کی ہے، اس حوالے سے اگر مجھ سے جو غلطیاں سرزد ہوئی ہیں ان کو نظر انداز کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس میں اپنے اہل خانہ کو ہمراہ لانے کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ میں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے۔ سابق کپتان نے کہا کہ میرے خیال میں کسی کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، سرفراز احمد کے پاس بہترین موقع ہے کہ وہ کرکٹ میں پاکستان کا نام مزید روشن کرے۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کے بجائے خدمت کرنا چاہتا ہوں، میری خواہش ہے کہ مرحوم عبدالستار ایدھی کی طرح کچھ کر سکوں۔یونس خان نے 13 فروری 2000 ء کو بین الاقوامی کیرئر کا آغاز کراچی میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز سے کیا جہاں انہوں نے 46 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کے لئے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان نے 26 فروری کو اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا اور اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری بنائی۔ یونس خان نے 115 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 34 سنچریاں کی مدد سے مجموعی طور پر 9977 رنز بنائے۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور 313 ہے جو انہوں نے 2009ء میں سری لنکا کے خلاف اسکور کئے۔ یہ اسکور پاکستان کی جانب سے کسی بھی کھلاڑی کا تیسرا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ پہلے نمبر پر حنیف محمد 337 رنز کے ساتھ جبکہ دوسرے نمبر پر انضمام الحق 329 رنز کے ساتھ ہیں۔ یونس خان کا نام حال ہی میں وزڈن کے سال کے5 بہترین کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ انہوں نے انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25 سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑا۔ یونس خان نے اپنی قیادت میں پاکستان کو 2009 ء میں ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چمپیئن بنایا جو 1992 ء کے ورلڈکپ میں فتح کے بعد پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز تھا۔ اس کے بعد انہوں نے ٹی ٹوئنٹی سے کنارہ کشی کا اعلان کر دیا تھا جبکہ نومبر 2015 ء میں آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ایک روزہ سیریز کے دوران ایک روزہ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے 265 ایک روزہ میچوں میں 7 سنچریوں اور 48 نصف سنچریوں کی مدد سے 7249 رنز بنائے جبکہ 3وکٹیں بھی حاصل کیں۔