***۔۔۔۔۔۔اندرون ملک سے ۔۔۔۔۔۔***

91

ملتان (پ ر ) پاکستان بھر کی سرکاری، نیم سرکاری، نجی ادارہ جات بینکس وغیرہ کے ملازمین کی ملک گیر اسلامی نظریاتی تنظیم تحریک محنت پاکستان صوبہ پنجاب کا اضلاع کا ماہانہ ضلعی صدور اجلاس کل بروز اتوار بتاریخ 9 اپریل دس بجے صبح تنظیم کے مقامی مرکز واقع پرانی بکر منڈی، حضوری باغ روڈ، ملتان زیر صدارت صوبائی صدر جناب محمد اسلم منعقد ہوگا۔ اجلاس میں ضلع خانیوال، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، بھکر، رحیم یار خان، لیہ کے رہنما شریک ہوں گے۔ ترجمان تحریک محنت پاکستان صوبہ جنوبی پنجاب کے مطابق اجلاس میں سال رواں کی تنظیمی و منصوبہ عمل کی رفتار کار، انفرادی رپورٹ، دعوتی مہم کا جائزہ، و تربیت گاہ لاہور میں شرکت بارے امور کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں ضلعی صدر بہاولپور محمد اقبال بڈانی درس قرآن پیش کریں گے۔* ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) مکلی کے نواحی گاؤں اللہ بخش گندرو کی رہائشی خاتون مسمات رخسانہ مھشوری علاقے کے بااثر شخص منظور پنہور کے مظالم سے تنگ آکر مکلی پریس کلب پہنچ گئی۔ متاثرہ خاتون نے آئی جی سندھ پولیس سے بااثر شخص کے ظلم سے نجات دلانے کی اپیل کی ہے۔ تحفظ و انصاف نہ ملنے پر خاتون سے دو بیٹوں سمیت خود سوزی کا اعلان کیا ہے۔ متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ علاقہ کا ایک بااثر شخص منظور پنہور کافی عرصے سے پلاٹ کے معاملے پر تنگ کررہا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور اب میری بیٹیوں پر بھی بری نظر ہے جس سے دونوں بیٹیوں نے اسکول جانا بھی چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ پولیس سے مذکورہ بااثر شخص کے مظالم سے نجات اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔* ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) عمر ساند تھانے کی حدود میں گوٹھ مال خان تھیبو میں غیر مسلم بھیل برادری سے تعلق رکھنے والے تین بچے، دو خواتین سمیت سات افراد کی زہریلا کھانا کھانے کے بعد حالت غیر ہوگئی جس کے بعد یکے کے بعد دیگر خمیسو بھیل، دادو بھیل، لیموں بھیل، لچمن بھیل، مسمات سومری، جمن بیہوش ہوگئے جنہیں نازک حالت میں سول اسپتال ٹنڈوالہٰیار لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے طبی امداد اور معائنے کے بعد متاثرین کو حیدر آباد روانہ کردیا۔ جہاں پانچ افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔* پاکستان سر زمین پارٹی ضلع ٹھٹھہ کے رہنما مہر علی شاہ کی قیادت میں درجنوں کارکنوں نے پانی کی قلت، بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف مکلی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بنیرز، پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں بجلی اور پانی کی قلت ختم کی جائے۔* ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) سندھ ترقی پسند پارٹی کے زیر اہتمام ایس ٹی پی ہاؤس سے مردم شماری کے حوالے سے آگاہی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ضلعی صدر عبدالمالک داؤدانی، جنرل سیکرٹری محبوب سموں اور جنرل کونسلر افضل جسکانی کررہے تھے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 اپریل سے ضلع ٹنڈوالہٰیار میں مردم شماری کا مرحلا شروع ہورہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ مردم شماری کرنے والا عملہ اپنی ڈیوٹی ایمانداری سے سر انجام دے اور کوئی بھی گھر لکھنے سے نہ رہ جائے۔ سندھ میں رہنے والے اپنی دھرتی سے محبت کا ثبوت دیں اور مردم شماری کے خانے میں سندھی لکھوائیں تاکہ آنے والے وقت میں سندھ کسی مالی بحران کا شکار نہ ہوسکے۔* ٹیکسلا (آئی این پی) شہر ٹیکسلا میں رینجرز نے چھاپا مار کر مکان سے اسلحہ کی کھیپ برآمد کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ہفتے کو نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ٹیکسلا میں رینجرز نے چھاپا مار کر مکان سے اسلحہ کی کھیپ برآمد کرلی۔ محلہ منظور آباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کی گئی کارروائی میں 3 ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔* ڈیرہ اسماعیل خان (بی این پی) تحصیل پروآ کے علاقے رنگپور جنوبی میں نوجوان گنے کی لوڈ ٹرالی کے نیچے آکر موقع پر جاں بحق۔ بعض اطلاعات کے مطابق اسے خودکشی کا واقعہ بھی قراردیا جارہا ہے۔ جاں بحق ہونے والا مروت قوم سے تعلق رکھتا تھا جبکہ عرصہ دراز سے گاؤں رنگپور جنوبی میں رہائش پذیر تھا۔* فیصل آباد (آئی این پی) چکن پاکس وائر س ایک اور مریض جاں بحق تعداد 12ہو گئی رواں سال متاثرہ مریضوں کی تعداد 39ہو گئی۔ فیصل آباد میں چکن پاکس کی ویکسین نہ ہو نے کی وجہ سے چکن پاکس بے قا بو گزشتہ روز الائیڈ اسپتال میں زیر علاج 40سالہ ممتاز بی بی چکن پا کس کا شکار ہو کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھی جاں بحق ہو نے والوں کی تعداد 12ہو گئی رواں سال چکن پاکس سے متا ثرہ مریضوں کی تعداد 39ہو گئی ذرائع نے بتا یا کہ الائیڈ اسپتال میں چکن پا کس وائرس کی ویکسین سرے سے موجود ہی نہیں اور نہ اس وائرس کے علاج کے لیے ادویات موجود ہیں ایک ٹو ٹکے کے تحت الائیڈ اسپتال میں آنے والے متاثرہ مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے چکن پاکس وائرس سے جاں بحق مریضوں کی تعداد میں اضا فہ ہو سکتا ہے الائیڈ اسپتال میں چکن پاکس سے نمٹنے کے لیے ٹرینڈ اسٹا ف بھی نہیں۔* ڈسکہ (آئی این پی) تھانہ ستراہ کے گاؤں گج میں شوہر نے بیوی اور دو بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ خود موقع سے فرار ہوگیا۔ سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کے گاؤں گج کے رہائشی لطیف نے دو شادیاں کررکھی تھیں جس کی وجہ سے گھر میں اکثر جھگڑا رہتا تھا جس پراس نے اپنی دوسری بیوی 35 سالہ آسیہ اوردو بیٹوں 5 سالہ سمیع اللہ اور سات سالہ عبداللہ کو ہتھوڑوں سے وار کر مار دیا جب کہ خود موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرارملزم کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا جب کہ لاشوں کو تحویل میں لے کرپوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔* شیخوپورہ (آئی این پی) شیخوپورہ کے نواحی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے دو جواں سالہ خواتین کو منہ اور پیٹ میں گولیاں مار کر قتل کردیا۔ تھانہ خانقا ڈوگراں کی حدود میں قصبہ میاں والی ڈوگراں میں نہر کنارے نامعلوم افراد نے دو خواتین کو بڑی بے دردی سے منہ اور پیٹ میں اندھا دھند فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور فرار ہوگئے۔ گاؤں والوں نے لاشوں کو شاہراہ پر رکھ کر احتجاج کیا جس کے باعث کئی گھنٹے ٹریفک جام رہی۔ ایس ایچ او کی طرف سے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔