اسلام کے عادلانہ نظام میں کوئی چھوٹایابڑانہیں،عاکف سعید

138

کراچی (پ ر)اسلام کے عادلانہ نظام میں قانون سب کے لیے یکساں ہوتا ہے اور کسی کو استثنا حاصل نہیں ہوتا۔یہ بات امیر تنظیم اسلامی حافظ عاکف سعید نے اپنے ایک بیان میں کہی ۔وہ چیئرمین سینٹ رضا ربانی کے اس بیان پر تبصر ہ کررہے تھے کہ پاکستان میں ہر شخص کے لیے الگ قانون ہے۔آئین شکن اور غداری کا مرتکب پرویز مشرف عدالت میں حاضر ہونا گوارہ نہیں کرتا اور غریبوں کو معمولی جرائم پر سزائیں سنائی جا رہی ہیں ۔امیر تنظیم اسلامی نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ہم نے اللہ سے وعدہ شکنی کی ہے اور وہ نظام عدل وقسط پاکستان میں قائم نہیں کیاجس کا ہم نے تحریک پاکستان کے دوران اللہ سے وعدہ کیا تھا۔یہ اللہ اور رسولﷺ سے غداری کی سزا ہے جو ہم بھگت رہے ہیں اور ہم پر ایسے لوگ مسلط ہوگئے ہیں جو بڑے اور چھوٹے کے لیے، امیر اور غریب کے لیے الگ الگ قوانین بنارہے ہیں،جس سے معاشرے میں ابتری پھیل رہی ہے اور قوم بحیثیت مجموعی روبہ زوال ہے۔انہوں نے خلفائے راشدین کے دور کی مثالیں دیتے ہوئے فرمایاکہ حضر ت عمرؓ کی عوامی عدالت میں جواب طلبی ہوئی جس کاانہوں نے اطمینان بخش جواب دیااورحضرت علیؓ قاضی کے سامنے پیش ہوئے اورسچے ہونے کے باوجود قاضی کے فیصلے کو بخوشی قبول کیا۔یہ اس نظام کی حقانیت تھی جس کی وجہ سے اسلام چند برسوں میں لاکھوں مربع میل میں پھیل گیا۔