دنیا کا سب سے بڑا تفریحی شہر سعودی عرب میں تعمیر ہوگا

92

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب کے نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے عالمی سطح پر سب سے بڑے ثقافتی اور تفریحی شہر کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ یہ منصوبہ سعودی دارالحکومت ریاض کے جنوب مغرب میں واقع علاقے القدیہ میں 334 مربع کلومیٹر کے رقبے پر ہوگا۔ منصوبے میں ایک بڑا سفاری پارک بھی شامل ہو گا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شہزادہ سلمان جو پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین بھی ہیں انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شہر ایک اہم ثقافتی سنگِ میل ثابت ہونے کے علاوہ مملکت میں مستقبل کی نسل کی تفریحی ، ثقافتی اور سماجی ضروریات پوری کرنے کا مرکز بھی ہوگا۔ سعودی نائب ولی عہد نے واضح کیا کہ یہ پْر عزم منصوبہ سعودی عرب کے پروگرام وژن 2030ء کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس مقصد کے لیے مملکت کے اندر سرمایہ کاری کی جائے گی جس سے ملک و قوم کو فائدہ پہنچے گا۔