سابق صدر آصف زرداری کے3ساتھی اٹھائے گئے ہیں انہیں عدالت میں پیش کیا جائے ,قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ

80

اسلام آباد(صباح نیوز+ مانیٹر نگ ڈ یسک)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کے3ساتھی اٹھائے گئے ہیں انہیں عدالت میں پیش کیا جائے ، انہیں 24گھنٹے میں پیش کرنے کے وعدے پر ہی بل کی منظوری دی تھی ، پاکستان کو سندھ اور پنجاب کے نام پر تقسیم نہ کیا جائے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے منیجرغلام قادر مری اور قریبی ساتھی نواب لغاری کو اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ زرداری کا ساتھی ہونے پر گرفتار کرنا ہے تو مجھے بھی کرلیں ،میں بھی بہت کچھ بتا سکتا ہوں۔خورشید شاہ نے کہا کہ لاہور میں دھماکے ہوئے، آپریشن ردالفساد شروع ہوا، رینجرز کو اختیارات دیے گئے لیکن نیشنل ایکشن پلان پرمکمل عمل نہیں ہوا، عمل درآمد کمیٹی نہیں بنی،حکومت چاہے جتنی باتیں کرلے،باتوں سے فرق نہیں پڑتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مسلم ممالک کو اکٹھاکرنے کے لیے کچھ نہیں کیا،سعودی عرب کو مسلمانوں کے اختلاف ختم کرنے کے لیے آگے آنا چاہیے،مسلم ممالک میں جنگیں چل رہی ہیں، جدھر دیکھو مسلمان عذاب میں ہیں، مسلمانوں کے لیے کوئی لیڈر شپ نہیں ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم قرضوں کے بوجھ تلے دبتے جا رہے ہیں، بجلی کا بحران کم ہونے کے بجائے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیاآپ چاہتے ہیں بغاوتیں پیدا ہوں، کیا لوگ پاکستان کے خلاف باتیں کریں،پاناما کا فیصلہ پردے میں ہے، اللہ کرے باہر آئے تو پتا چلے کہ کیا ہے پاناما میں۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں آئی جی سندھ کی تبدیلی کا طعنہ دینے والے بتائیں کہ3 برس میں3 سیکرٹری داخلہ اور اسلام آباد میں 5 آئی جی پولیس کس نے تبدیل کیے، سندھ حکومت کو بھی حق حاصل ہے کہ جسے چاہے آئی جی تعینات کرے ۔انہوں نے عدلیہ کو انتظامی اختیارات دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سندھ اور پنجاب کے نام پر تقسیم نہ کیا جائے، بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر ہونے والے انتخابات خطرناک ہوں گے،آزاد الیکشن کمیشن کی تشکیل ضروری ہے۔ملک میں دہشت گردی پروان چڑھ رہی ہے، ردالفساد بھی جاری ہے اور دھماکے بھی ہورہے ہیں۔