سیاسی آزادی نہ دی گئی تو عوام میں احساس محرومی بڑھے گا، عامر خان

138

سیاسی آزادی  نہ دی گئی تو عوام میں احساس محرومی بڑھے گا، عامر خان
کراچی (اسٹا ف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے پی آئی بی کالونی میں واقع عارضی مرکز پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آج کی پریس کانفرنس کے ذریعے پورے پاکستان کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ایم کیو ایم (پاکستان) کے کارکنان و ذمے داران کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ 22 اگست کے بعد ہم نے جو لاتعلقی کا اعلان کیا اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اس کے بعد ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ہمارے کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ روکا جاتا اور ایم کیو ایم (پاکستان) کو سیاسی آزادی دی جاتی لیکن اس کے برعکس ہمارے کارکنان پر جھوٹے مقدمات بنا کر ان کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے جوکہ انتہائی تشویشناک ہے۔ عامر خان نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم (پاکستان) کو سیاسی آزادی نہ دی گئی تو عوام میں احساس محرومی بڑھے گا۔ ایم کیو ایم (پاکستان) سیاست کو خدمت کے تحت لیکر چل رہی ہے اور پارٹی میں جرائم و تشدد کی زیرو ٹالرینس کی پالیسی اور کسی بھی جرائم پیشہ شخص کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم (پاکستان) کے جن علاقائی ذمے داران و کارکنان کو گزشتہ دنوں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے بلاجواز گرفتار کیا ہے ان کی گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ 20 سے 25 روز گزرجانے کے باوجود ہمیں اور ان کے اہل خانہ کو کوئی تفصیلات نہیں بتائی جارہیں۔ اگر کسی کارکن کے خلاف کوئی مقدمہ ہے تو عدالت میں پیش کیا جائے اور انہیں وکیل کرنے کا موقع دیا جائے۔ گرفتار شدگان کسی مقدمے میں نامزد نہیں تھے لیکن راتوں رات انہیں مطلوب بنا دیا گیا۔ عامر خان نے کہا کہ ایم کیو ایم (پاکستان) ایک پرامن سیاسی جماعت ہے اور پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہتی ہے ، ہم ملک و صوبے کی ترقی چاہتے ہیں، ہم سیاسی آزادی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان کو مخصوص گروپ میں شمولیت کے دبا ؤ ڈالا جارہا ہے۔ عامر خان نے کہا کہ پی ایس پی اگر میئر کراچی کو متنازع بنائے گی تو پھر ہم بھی زمینوں پر قبضے کرنے والوں کو بے نقاب کریں گے۔