لاپتا ہونے والے غلام قادر مری کا سراغ نہ مل سکا

98

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامشورو سے لاپتا ہونے والے غلام قادر مری کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا ۔ باخبر ذرائع کے مطابق غلام قادر مری سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اور ان کے منیجر ہیں اور خود بھی ٹنڈو الہ یار سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں بڑی زمینوں کے مالک ہیں۔غلام قادر مری اپنے دوست محمد خان منگی، ڈرائیور محبوب خاصخیلی اور سجاد آرائیں سمیت دیگر کے ہمراہ انڈس ہائی وے جامشورو سے پراسرار طور پر لاپتا ہو گئے تھے جب کہ پولیس کو ان کی گاڑی تھانہ جامشورو کی حدود انڈس ہائی وے پر تھرمل پاور اسٹیشن کے قریب سے لاوارث حالت میں کھڑی ملی تھی۔ باخبر ذرائع کے مطابق غلام قادر مری کی گمشدگی کی کڑی اسلام آباد اور سپر ہائی سے لاپتا ہونے والے آصف زرداری کے دیگر 2ساتھیوں اور پیپلز پارٹی کی پچھلی حکومت میں مشیر رہنے والے نواب لغاری اور اشفاق لغاری سے ملتی ہے ،نواب لغاری کچھ روز قبل اسلام آباد سے جبکہ اشفاق لغاری سپر ہائی سے پیر کے روز لاپتا ہوئے تھے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ تینوں افرادپیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی سندھ کی متعدد اہم سیاسی شخصیات کے قریبی سمجھے جاتے ہیں،جن میں آصف زرداری،ان کے بہنوئی میر منور تالپور ، پیرمظہر الحق ،اورشرجیل میمن بھی شامل ہیں۔ذرائع کا دعویٰ ہے مذکورہ افراد سندھ کے مختلف سرکاری محکمو ں میں ہونے والی بدعنوانیوں کے بارے میں متعدد حقائق سے آگاہ ہیں اور متعدد معاملات میں بدعنوان عناصر کے فرنٹ مین کا کردار بھی اد اکرتے رہے ہیں جب کہ ان کے پاس سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ کچھ اعلیٰ سرکاری افسران کی ناجائز ذرائع سے کمائی جانے والی دولت کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات ہیں اوراس دولت کوکب اور کہاں کہاں لگایااور چھپایا گیا اس کی تفصیلات بھی ان کے پاس محفوظ ہیں۔ اس پس منظر میں سیاسی اور مختلف سرکاری ادارے ان کی گمشدگی کو اہم قرار دے رہے۔