مائی کراچی نمائش سے دنیا میں شہر کی بہترین عکاسی ہوگی، وسیم اختر

163

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ تاجروں اور صنعتکاروں نے کراچی کے امن میں بھرپور کردار ادا کیا ہے، کراچی 85 فیصد کما کر دیتا ہے، اس کے باوجود کراچی کو اس کا جائز حصہ نہیں دیا جا رہا ہے، اگر صحیح حصہ مل جائے تو کراچی بہت ترقی کرسکتا ہے، باعزت روزگار سے دہشت گردی کو ختم کیا جا سکتا ہے، کے ایم سی کے تمام ملازمین کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے، نان کیڈر افسران کی تعیناتی کا مسئلہ بھی حل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایکسپو سینٹر کراچی میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تحت لگائی گئی مائی کراچی نمائش کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ نمائش میں میئر کراچی نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے اشیاء کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ وسیم اختر نے کہا کہ 14 ویں مائی کراچی نمائش میں عام آدمی اور اس کی فیملی کی ضروریات کا احاطہ کیا گیا ہے اور نمائش میں رکھی گئی اشیاء میں عوام کی دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے اس امر کو بھی خوش آئند قرار دیا کہ اب غیر ملکی کمپنیاں بھی بڑی تعداد میں کراچی میں لگائی جانے والی نمائشوں میں حصہ لے رہی ہیں جس سے کراچی کا مثبت امیج دنیا میں جائے گا۔ اس موقع پر ایک بریفنگ میں بتایا گیا کہ نمائش میں عام آدمی کے استعمال کی روز مرہ اشیاء کے 280 اسٹالوں میں 73 غیرملکی کمپنیوں کے اسٹالز لگائے گئے ہیں جن میں انڈونیشیا، ملائیشیا، تھائی لینڈ، روس، سری لنکا، ایران اور بیلا روس شامل ہیں۔ پاکستان میں پہلی بار کسی نمائش میں بیلاروس اور روس کی کمپنیوں نے اپنے اسٹالز لگائے ہیں۔ نمائش میں فروخت کے لیے دستیاب تمام آئٹمز پر عوامی دلچسپی کیلیے 10 تا 25 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا گیا ہے۔ نمائش میں ایک مقامی کمپنی کی جانب سے 50 واٹ کا حامل انرجی سیور پنکھا متعارف کرایا گیا ہے جبکہ ایک چینی کمپنی کی جانب سے ٹو اور فور سیٹس کی چھوٹی الیکٹرک چارج ایبل کارز متعارف کرائی گئی ہیں جبکہ متعدد مقامی و غیر ملکی کمپنیوں نے اپنی نئی مصنوعات اور برانڈز بھی متعارف کرائی ہیں۔