نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان مسافر ریل سروس تقریباً 50 سال کے بعد دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔ یہ ریل سروس اس وقت چلتی تھی جب بنگلا دیش پاکستان کا حصہ تھا۔ بھارت کے شہر کولکتہ سے بنگلا دیش کے شہر کھلنا کے درمیان چلنے والی فرینڈشپ ایکسپریس ٹرین کی آزمائشی سروس کا افتتاح بنگلا دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے دورہ بھارت کے دوران دہلی میں کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان ٹرین سروس کے علاوہ نئی بس سروس بھی متعارف کرائی جا رہی ہے۔ بنگلا دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ جمعے کے روز بھارت کے 4 روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچی تھیں۔ بنگلا دیشی وزیراعظم کے دورہ کے دوران دونوں ممالک کے مابین کئی معاہدے کیے گئے ہیں۔