میئر کراچی وسیم اختر نے عباسی شہید اسپتال میں بد انتظامی اور صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ندیم راجپوت اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر محمد علی مرزا کو معطل کردیا

88

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے عباسی شہید اسپتال میں بد انتظامی اور صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ندیم راجپوت اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر محمد علی مرزا کو معطل کردیا جبکہ عبا سی شہید اسپتال کی لیبارٹری کے چار ملازمین مزمل، نعمان سلیم، عارف خان اور اقبال اختر کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی۔تفصیلات کے مطابق میئر کراچی ہفتہ کی سہ پہر اچانک عباسی شہید اسپتال پہنچے اور اسپتال میں گندگی اور کچرے کے ڈھیردیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا جبکہ عباسی شہید اسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کے دوران مریضوں نے میئر کراچی وسیم اختر کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے جس پر میئر کراچی نے کہا کہ بہت ہوچکا اب ناقابل برداشت ہوگیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یورولوجی وارڈ میں ائرکنڈیشنڈ کی مرمت کا کام کل سے شروع ہوجانا چاہیے، عباسی شہید اسپتال کے شعبہ حادثات کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے اور ڈاکٹرز کی حاضری یقینی بنائی جائے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال شہر کا تیسرا بڑا اسپتال ہونے کی وجہ سے شہرکے لیے اہمیت کا حامل ہے اورشہریوں کی بڑی تعداد علاج معالجے کے لیے اس اسپتال کا رخ کرتی ہے لہٰذا ایسے اسپتالوں اور طبی اداروں میں عملے کی غیر حاضری اور غفلت شہریوں کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے، لہٰذا اسپتال کے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی بہتری اسی میں ہے کہ وہ پابندی سے اپنی ڈیوٹی پر آئیں اور پوری ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں، دریں اثنا وسیم اخترنے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور کڈنی سینٹرنارتھ ناظم آباد کا بھی دورہ کیا، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی اور دیگر افسران ان کے ساتھ تھے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین کی حاضری چیک کی۔ انہوں نے کہا کہ سینئر پروفیسرز اور ڈاکٹرز طبی اداروں میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کیجائے گی۔ میئر کراچی نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے دورے کے موقع پر ہدایت کی کہ طلبہ و طالبات کو بہترین اساتدہ کے ذریعے تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں، انہوں نے کہا کہ کڈنی سینٹر میں گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کا ڈائیلائسز شروع کرنے کے لیے ایک این جی او سے معاہدہ کیا گیا ہے۔ کڈنی سینٹر کو جلد ہی اپ گریڈ کرکے اسے سٹی ڈائیگنوسٹک سینٹر بنایا جائے گا جہاں امراض کی تشخیص کے لیے جدید ٹیکنالوجی دستیاب ہوگی۔ بعدازاں میئر کراچی وسیم اختر نے گجرنالے کا دورہ کیا اور وہاں ہٹائی گئیں تجاوزات کا جائزہ لیا،انہوں نے کہا کہ پلان کے مطابق حکومت سندھ گجرنالے کے اطراف سڑک اور حفاظتی دیوار فوری تعمیر کرے تاکہ یہاں آئندہ تجاوزات کو قائم ہونے سے روکا جاسکے۔