پاک فوج کے سابق لیفٹیننٹ کرنل محمد حبیب ظاہر نیپال میں بھارتی سرحد کے قریب سے لاپتا ہوگئے

89

اسلام آباد،لاہور( مانیٹر نگ ڈ یسک +خبر ایجنسیاں )پاک فوج کے سابق لیفٹیننٹ کرنل محمد حبیب ظاہر نیپال میں بھارتی سرحد کے قریب سے لاپتا ہوگئے، ذرائع کے مطابق انہیں نوکری کا جھانسہ دے کر نیپال بلایا گیا،پاکستان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے نیپالی حکومت سے رابطہ کر لیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل(ر)محمد حبیب ظاہر6 اپریل کو نیپال کے علاقے لمبینی سے لاپتا ہوئے،یہ علاقہ بھارتی سرحد سے صرف 5 کلومیٹر دور
ہے۔لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد حبیب ظاہر2014ء میں پاک فوج سے ریٹائر ہوئے،جس کے بعد انہوں نے فیصل آباد کی نجی کمپنی میں ملازمت اختیار کی،دوران ملازمت انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ لنکڈن اور اقوام متحدہ کی ویب سائٹ پر اپنی سی وی اپ لوڈ کی،ایک ماہ قبل برطانیہ سے تھامسن نامی شخص نے ان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں ایک ویب سائٹ پر رابطہ رکھنے کا کہا،کچھ عرصے بعدلیفٹیننٹ کرنل(ر)محمد حبیب ظاہر کو 3500 سے 8500 ڈالر کی تنخواہ پر وائس پریذیڈنٹ اور زونل ڈائریکٹر کی آفر کی گئی تھی اور انہیں نوکری کنفرم کرنے کے لیے کٹھمنڈو آنے کو کہا گیا، ساتھ ہی تھامسن نے انہیں کٹھمنڈو کے لیے عمان ائر کا بزنس کلاس ٹکٹ دیا۔ لیفٹیننٹ کرنل(ر)محمد حبیب ظاہر5 اپریل کو فلائٹ نمبر WY۔344 سے اومان پھر 6 اپریل کو کٹھمنڈو پہنچے۔ اسی روز لمبینی گئے۔ ائرپورٹ سے اہلخانہ کو اطلاع دی۔ لمبینی ائر پورٹ سے آخری پیغام بھیجنے کے بعد اہلخانہ کا لیفٹیننٹ کرنل(ر)محمد حبیب ظاہرسے کوئی رابطہ نہیں ہوسکا۔ان کے غائب ہونے کے بعد سے متعلقہ ویب سائٹ مسلسل بند ہے جب کہ برطانیہ سے تھامسن کے نام پر آنے والی کال کا فون نمبر بھی جعلی نکلا۔ اہلخانہ نے ان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرادی ہے۔علاوہ ازیں ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے لیفٹیننٹ کرنل (ر ) محمد حبیب ظاہر کی گمشدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہلیفٹیننٹ کرنل (ر ) محمد حبیب ظاہرنیپال میں مقیم تھے،سابق فوجی افسر لمبینی سے 6 اپریل کو لا پتا ہوئے، تاحال ان سے رابطہ نہیں ہو پارہا ہے اور ان کے رابطہ نمبرز بھی بند جارہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ اس معاملے پرنیپالی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے، جس پر نیپالی حکومت نے اس واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سابق پاکستانی فوجی افسر کی تلاش شروع کردی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ ان کی فیملی سے بھی رابطے میں ہے اور ان کی گمشدگی کی اطلاع بھی اہل خانہ نے ہی دی تھی جس کے مطابق وہ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں ملازمت کرنے گئے تھے جس کے لیے انہیں آن لائن دعوت دی گئی تھی۔