اقتصادی راہداری پورے خطے کی خوشحالی کاسبب ہے‘برجیس طاہر

99

اسلام آباد/ننکانہ صاحب (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چودھری محمدبرجیس طاہرنے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان سمیت پورے خطے کی خوشحالی کا سبب بن چکا ہے۔ وہ ضلع شیخوپورہ کی تحصیل صفدرآباد کے نواحی قصبے ڈپٹی وال میں گیس فراہمی کے موقع پر عوام سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ محمدنوازشریف کے اُس وژن کی تخلیق ہے جو اُنہوں نے آج سے دودہائیوں سے عرصہ قبل موٹروے کی صورت
میں شروع کیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ 1990 ء کی دہائی میں محمد نواز شریف نے موٹروے منصوبہ وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی کے نظریے سے شروع کیا تھاجس کو بدقسمتی سے بعد کی حکومتوں نے جاری نہ رکھا۔انہوں نے کہا کہ آج روس اور برطانیہ سمیت وسطی ایشیائی ریاستوں کا اس تاریخ ساز منصوبے میں گہری دلچسپی لینا اس امر کی اعکاسی کرتا ہے کہ محمدنواز شریف کے وژن اورنظریے کے لحاظ سے اس پورے خطے میں کوئی لیڈر اُن کا ثانی نہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی صورت میں متوقع سرمایہ کاری کا حجم 70 ارب ڈالر کے قریب پہنچنے کو ہے اور ا س میں دیگر اہم ممالک کی گہری دلچسپی کے باعث اس حجم میں مزید بھی اضافے کی اُمید ہے۔