غلام قادر مری کو جلد بازیاب کرایا جائے، اسماعیل مری

158

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) 48 گھنٹے گزر جانے کے باوجود ہمارے بھائی غلام قادر مری کا کچھ پتا نہیں چل سکا، جامشور وپولیس ہمارے ساتھ تعاون نہیں کر رہی اور نہ سندھ پولیس کے اعلی افسران نے بھائی کی بازیاب کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے۔ اگر جلد ہمارے بھائی کو بازیاب نہیں کروا یا تو ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے اور پاکستان بھر میں غلام قادر مری کی بازیابی کے لیے احتجاج کیا جائے گا اگر ہمارے بھائی اور چاچا نے کوئی غلط کام کیا ہے یا کوئی کرپشن کی ہے تو ان کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ غلام قادر مری کو سابق صدر آصف علی زرداری کے دوست ہونے کی سزا د ی جا رہی ہے، ہم کل وکلا سے مشورہ کرنے کے بعد ہائی کورٹ میں بھائی کی گمشدگی کی درخواست دائر کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا ا ظہار ضلع کونسل کے ممبر اور آصف علی زردار ی کے قریبی ساتھی غلام قادر مری کے بھائی اسماعیل مری اور بھتیجے یار محمد مری نے اپنے گوٹھ غلام قادر مری میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اسماعیل مری کا کہنا تھا کہ ہم نے ابتدائی رپورٹ لکھو ا دی ہے پر اب تک ہمارے بھائی کا کچھ پتا نہیں چل رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت آصف علی زرداری، بلاول زرداری، آصفہ زرداری اور بختاور زرداری نے بھی فون کر کے اور ٹوئٹ کر کے واقعہ کی مذمت کی ہے اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ اس موقع پر غلام قادر مری کے بھتیجے یار محمد مری نے کہا کہ ملک میں قانون ہے اور قانون کے تحت 24سے 48گھنٹے کے اندر کسی بھی شخص کو حراست میں لینے کے بعد پیش کرنا ضروری ہے، ہمیں اس واقع میں وفاق پر شک ہے جس کے حکم پر یہ کاروائی کی گی ہے اور اس میں وفاق کا ہاتھ ہے اور ہم ان کے خلاف عدالت میں جائیں گے انہوں نے کہا کہ اگر غلام قادر مری کو جلد بازیاب نہ کروایا گیا تو ہم ملک بھر میں احتجاج کریں گے اور ہم چیف جسٹس پاکستان ، آرمی چیف ،آئی جی سندھ وزیر اعلی سندھ ، گورنر سندھ اور وزیر اعظم پاکستا ن سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ رئیس غلام قادر مری کی بازیابی کے لیے اقدامات کریں۔