وزیراعلیٰ سندھ لاپتا بچوں کی بازیابی کے لیے اقدامات کریں‘اسداللہ بھٹو

87

کراچی(اسٹاف رپورٹر )نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے مطالبہ کیا ہے کہ جیکب آباد شہر سے ایک ہفتہ قبل لاپتا ہونے والے بچوں 15 سالہ محمد عامر ولد آفتاب قریشی اور 13 سالہ محمد اویس ولد سعید احمد سیال کوجلد سے جلد بازیاب کرکے والدین کی بے چینی کو ختم کیا جائے۔ایک ہفتہ گزرجانے کے باوجود بچوں کی عدم بازیابی اورانتظامیہ کا خاموش تماشائی کردارمجرمانہ غفلت اور لمحہ فکر ہے۔بچوں کی گمشدگی اور تاحال عدم بازیابی سندھ میں امن وامان کی خراب صورتحال کی نشاندہی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ جیکب آباد سے لاپتا ہونے والے بچوں کی بازیابی
کے لیے خصوصی دلچسپی لے کر اقدامات کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج جیکب آباد شہر سے ایک ہفتہ قبل لاپتا ہونے والے بچوں کے والدین آفتاب قریشی اور سعید احمد سیال سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔گمشدہ بچوں کے لواحقین نے جماعت اسلامی کے رہنما کوبتایا کہ جمعہ 31 مارچ کی رات 8 بجے سے 15 سالہ محمد عامر اور 13 سالہ محمد اویس موٹر سائیکل پرکسی کام سے نکلے تھے اوراچانک غائب ہوگئے ہفتے کی صبح بائی پاس کے قریب پولیس کو موٹرسائیکل ملنے کی اطلاع ملی ہے، دونوں بچے بالترتیب آٹھویں اورنویں جماعت کے طالبعلم ہیں۔ان دونوں کی اس طرح اچانک گم ہوجانے سے متاثرہ خاندانوں کے گھروں میں صف ماتم ہے توشہرمیں خوف و حراس اور سیکورٹی اداروں پر سوالیہ نشان ہے، تاحال بچوں کا کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا ،انتظامیہ سنجیدہ اقدامات کے بجائے کبھی بے حسی توکبھی اغوا کا خدشہ ظاہرکرکے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔اسداللہ بھٹو نے دکھی خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے انہیں اپنے بھرپورتعاون کا یقین اورصبرکی تلقین بھی کی ۔