کے منیجنگ ڈائریکٹر سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ فراہمی آب سے متعلق التوا میں پڑے ہوئے کاموں پر عمل درآمد اور بہتری کے لیے متعلقہ انجینئرز کو ایک ماہ کی مہلت دی ہے جس کے بعد ان سے اس بارے میں پروگریس پوچھی جائے گی

112

کراچی (رپورٹ : محمد انور )کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو اینڈ ایس بی) کے منیجنگ ڈائریکٹر سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ فراہمی آب سے متعلق التوا میں پڑے ہوئے کاموں پر عمل درآمد اور بہتری کے لیے متعلقہ انجینئرز کو ایک ماہ کی مہلت دی ہے جس کے بعد ان سے اس بارے میں پروگریس پوچھی جائے گی۔عدالت عظمیٰ کے حکم پر فلٹر پلانٹس کی خرابیوں کو دور کرنے کے لیے ابتدائی کام شروع کردیا گیا ہے۔ وہ اتوار کو نمائندہ روزنامہ جسارت سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے بتایا ہے کہ دھابیجی میں100 ملین گیلن یومیہ پانی پمپ کرنے والے پمپنگ اسٹیشن کی ازسرنو تعمیر کے لیے کام جاری ہے‘ پمپس کی
خریداری اور انہیں درآمد کرنے کے لیے پروجیکٹ انجینئرز کی ٹیم 10 روزہ دورے پر لندن جاچکی ہے جہاں وہ پمپس کو چلانے سے متعلق ضروری آگاہی حاصل کریں گے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ لندن جانے والی ٹیم میں پروجیکٹ منیجر ایوب شیخ، انتخاب راجپوت اور آصف علی خان شامل ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ پروجیکٹ انجینئر مصباح الدین فرید لندن نہیں گئے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ بلک لائنوں پر میٹرز لگائے جانے کے منصوبے کے حوالے سے بھی نوٹس لیا گیا ہے اور متعلقہ افسران سے پوچھا گیا ہے کہ کیا وجہ ہے کہ بلک لائنوں پر میٹر کی تنصیب کا کام8 سال بعد بھی مکمل نہیں کیا جاسکا اور پمپس منگوا کر کیوں اسٹور میں رکھ دیے گئے ہیں۔ ہاشم رضا زیدی نے بتایا ہے کہ شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل ہے اس مقصد کے لیے خصوصی احکامات بھی جاری کیے جاچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے پلاننگ ڈپارٹمنٹ کے ڈی ایم ڈی کو بھی پانی اور سیوریج سے متعلق نئے منصوبوں کے بارے میں ضروری ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا نے حب ڈیم سے پانی کی فراہمی میں کمی کی تھی تاہم فوری مطالبے پر اب انہوں نے یومیہ70 ملین گیلن پانی کی فراہمی شروع کردی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیم میں موجود پانی کو اس سال اگست تک استعمال کرنے کے لیے وہاں سے یومیہ 80ایم جی ڈی کے بجائے 70ایم جی ڈی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔انہوں نے بتایا ہے کہ پانی کے نئے منصوبوں کے لیے بین الاقوامی اداروں سے فنڈنگ کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے۔