سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اصلاح المسلمین صوبہ سندھ کے عہدیداران کا جماعت اصلاح المسلمین ضلع دادو ، لاڑکانہ ، قمبر شہدا د کوٹ کے خلفاء کرام اور برانچز کے سرپرست صاحبان کے ساتھ 08اپریل بروز ہفتہ کو درگاہ فقیر پور شریف میں ایک ہم اجلاس ہو رہا ہے اجلاس میں خلفاء کرام کی مشاورت سے جماعت کے تنظیمی اور تبلیغی کاموں کو اور بہترین انداز میں کیا جائے تاکہ جماعت اصلاح المسلمین پاکستان کے سرپرست اعلی خواجہ ٰ خواجگان محمد طاہرالمعروف محبوب سجن سائیں کے مشن اسلام کے عالمگیر پیغام ، جذبہ عشق مصطفی ؐ استحکام پاکستان ، اصلاح معاشرہ ، امن و محبت کے پیغام کو عام کیا جائے جس کی آج سب سے زیادہ ضرورت ہے صوبائی پریس سیکرٹری ڈاکٹر سعید اعوان کے مطابق آٹھ اپریل کو درگاہ فقیر پور شریف میں گیارھویں شریف کی محفل کا انعقاد بھی کیا جائے گا اولیاء و صوفیاء کی علامت یہ ہے کہ وہ اخلاق حسنہ پیکر ہوتے ہیں حضرت محمد ؐ کے اخلاق حسنہ کی سب سے بڑی خیرات امت محمدی کے اہل تصوف اولیاء اور صوفیاء کو ملی ہے یہی ولایت و تصوف ہے سلسلہ نقشبندیہ طاہریہ کے سالار محبوب سجن سائیں کا سب سے بڑا مشن یہ ہے کہ پوری امت مسلمہ میں باہمی محبت کا فروغ پیدا ہو یہ آج کی سب سے بڑی ضرورت ہے محبت الہی اور محبت رسول ہمارے دلوں میں پیدا ہو تاکہ ہمیں محفوظ راستے میسر آئیں اور غلط راستوں سے بچ سکیں ہمیں اپنی طرز حیات اور سیرت و کردار کو حضور ؐ کے اسوہ حسنہ کے ساتھ زینت بخشیں کیونکہ یہی اخلاق ہمارے خالق و مالک کے لیے پسندیدہ اور محبوب ہیں حسن خلق کی بہتر شکل محبت ، یگانگت اور یکجہتی کا ماحول ہے۔* پیپلز وومین ہاکی اسٹیڈیم سکھر میں پاکستان ہاکی فیڈریشن اور سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کی جانب سے 28مارچ 2017سے جاری پہلا آل پاکستان شہید بینظیر بھٹو وومین ہاکی گولڈ کپ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوا ، فائنل میچ میں پاکستان واپڈا کی ٹیم نے پاکستان ریلویز کو صفر کے مقابلے میں تین گولوں سے شکست دے کر گولڈ کپ اپنے نام کرلیا ۔ فائنل میچ میں چاروں کوارٹرز میں پاکستان واپڈا کی کھلاڑی ریلویز کی ٹیم پر حاوی رہیں ، پہلا گول عشرت نے 14منٹ میں،دوسرا گول 54منٹ میں افشین اور تیسرا گول50منٹ میں ماریہ صابر نے کرکے واپڈا ٹیم کو کامیابی دلائی ۔ ایک دوسرے میچ میں پنجاب کی ٹیم نے سندھ ریڈ ٹیم کو شکست دیکر ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ فائنل میچ کو بڑی تعداد میں سکھر کے شہریوں نے دیکھا اور پلیئرز کو خوب داد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریب ا تقسیم انعامات سے خطاب کے دوران قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے فاتح ٹیم واپڈا کے لیے ایک لاکھ روپے ، رنر ٹیم ریلویز کے لیے 50ہزار اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی پنجاب ٹیم کے لیے 30ہزار روپے جبکہ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی دیگر تمام ٹیموں کے لیے 20-20ہزار روپے انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آ ئندہ سال بھی شہید بینظیر بھٹو ہاکی گولڈ کپ منعقد کیاجائیگا جس میں ٹیموں کے لیے انعامات کی رقم بڑھائی جائیگی۔ سید خورشید احمد شاہ نے واپڈا کی ٹیم کو مبارکبا ددیتے ہوئے کہا کہ جس طرح واپڈا کے کھلاڑیوں نے ہاکی کے میدان میں اپنی مثال آپ گولڈ کپ جیتا ہے ، اسی طرح امید ہے کہ واپڈا بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے جوہر دیکھا کر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرے اور عوام کی تکلیف کو دور کرے۔اس موقع پر واپڈا کی ونر ٹیم کی کپتان رضوانہ کو ونر ٹرافی اور رنر ٹیم ریلوے کی کپتان زیب النساء کو رنر ٹرافی دی گئی جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی پنجاب کی ٹیم سمیت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں ، کوچز، ٹیکنیکل ورکرز میں انعامات اور سرٹیفیکٹ تقسیم کیے گئے ۔ قبل ازیں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی صدر خوش بخت شجاعت نے حکومت سندھ ، انتظامیہ اور سکھر کے شہریوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کے دیگر شہروں میں ہاکی کے ٹورنامنٹ کرائے جائیں گے جس میں کھلاڑیوں کی تربیت پر خاص توجہ مرکوز کی جائے گی تقریب میں رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ، رکن سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ ، سکھرمیونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر طارق چوہان ، ڈپٹی کمشنر سکھررحیم بخش میتلو اور دیگر شائقین بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔* قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ کھیل جسمانی صحت کیساتھ ساتھ سفارتی تعلقات کا باعث بنتے اور نفرتوں کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پہلے آل پاکستان بینظیر بھٹو وومین ہاکی گولڈ کپ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مذید کہا کہ ہم اولمپکس کھیلوں میں پاکستان کا اونچاجھنڈا دیکھنا چاہتے ہیں اس کے لیے حکومت سنجیدگی سے ہاکی کے فروغ میں مثبت کوششیں کرے ، افسو س کی بات ہے کہ وفاقی حکومت اورہاکی فیڈریشن قومی کھیلوں پر خاطر خواہ تواجہ نہیں دے رہی ہے۔فیڈریشن عہدیدار اور اولمپینیز نے دعوت کے باوجود شرکت نہیں کی جس کا دکھ ہے ، سکھر کے اس تاریخی ایونٹ میں وفاقی حکومت کی عدم دلچسپی سمجھ سے باہر ہے جس پروہ متعلقہ افسران کو خط لکھیں گے اور آواز اٹھائیں گے ۔ انہوں نے حکومت سندھ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر کھیل کے مثبت اقدامات سے ٹورنامنٹ کے لیے 30لاکھ روپے جاری کیے گئے اور گذشتہ سال سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی میں ہونیوالے ٹورنامنٹ کے لیے ایک دن کے اند ر 25لاکھ روپے جاری کیے ایسا ہی دلچسپی وفاقی حکومت کو دکھانی ہو گی تا کہ قومی کھیل کو بچایا جا سکے ، انہوں نے مزید کہا کہ تعلقات کا باعث بنتے ہیں اور نفرتوں کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اسی لیے آج ایم کیو ایم کی سینیٹر خوش بخت شجاعت بینظیر بھٹو ہاکی گولڈ کپ میں شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔* شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں مشہور لوک شاعر محمد سومر چنہ کی کتاب سخن سومر جا کی رونمائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ پروفیسر ڈاکٹر سید اسد رضا عابدی رجسٹرار نے کتاب کشائی کی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر سید اسد رضا عابدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ثقافت، تہذیب اور سیاست کی بقا زبان میں مضمر ہے۔ سندھ تہذیب کا مرکز ہے۔ وقت کی ضرورت ہے کہ سندھی زبان و ادب کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھی لوک شعرا نے ثقافت کے فروغ میں بہترین کردار ادا کیا ہے۔ ان کی زبان سادہ اور کلام سمجھنے میں آسان ہے۔ لوک شاعر محمد سومر چنہ کا کام تاریخ کے صفحات میں ہمیشہ سنہرے الفاظ سے لکھا جائے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری سربراہ شعبہ میڈیا اسٹڈیز نے کہا کہ لوک شعرا نے ثقافت، زبان اور ادب کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ لوک شعرا لوک ادب کے امین ہیں۔ ڈاکٹر لاشاری نے کہا کہ وائیس چانسلر پروفیسرڈاکٹر پروین شاہ کی قیادت میں یہ پروگرام منعقد کیئے جارہے ہیں۔ مشہور شاعر محمد سومر چنہنے کہا کہ صوبہ سندھ کی مہمان نوازی ساری دنیا میں مشہور ہے۔ سندھ صوفیا کی سرزمین اور امن و استحکام کا گہوارا ہے۔ انہوں نے اشاعتی اداروں سے اپیل کی کہ وہ لوک سعرا کی کتب زیادہ سے زیادہ شائع کریں۔ اس موقع پر اِمام ڈنو مہرانی، محمد علی اجن، لعل بخش ڈہر اور شعیب چنہ نے بھی خطاب کیا اور اور محمد سومر چنا کے ادبی کام پر روشنی ڈالی۔