آئین کے تقدس کو برقرار رکھنا سب کی اولین ذمے داری ہے، ایاز صادق

127

اسلا م آباد(صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی ہماری منزل مقصود ہے،آئین ریاست کے ہر شہری کو بنیادی حقوق جمہوریت اورسیکورٹی کی ضمانت دیتا ہے، اس کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی اولین ذمے داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم
دستور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے آئین کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 44برس قبل ملک کی پہلی جمہوری طور پر منتخب ہونے والی مقننہ کے نمائندوں نے ملک کو جمہوریت ،امن و تر قی کی راہ پرگامزن کرنے کے لیے متفقہ طور پر آئین پاکستان کی منظوری دی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 44 برس کے دوران غیر جمہوری قوتوں نے جمہوری طو ر پر منتخب حکومتوں کو ختم کر کے آئین کومعطل کیا جس کی وجہ سے مضبوط وفاق کو دھچکا پہنچا ،ان غیر جمہوری اقدامات سے ملک میں پروان چڑھنے والے جمہوری کلچر سیکورٹی ،انسانی حقوق اورتر قی پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے۔