بھارتی فوج کی فائرنگ 8 کشمیری شہید

85

سرینگر/اسلام آباد(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کے باعث ضمنی انتخابات کا ڈراما بھی بری طرح ناکام ہوگیا‘20ہزار اضافی اہلکاروں کی تعیناتی اور انٹرنیٹ سروس کی بندش بھی کسی کام نہ آسکی۔بھارتی فوج نے ضلع بڈگام میں پرامن مظاہرین پرفائرنگ کرکے 8 نوجوانوں کو شہید کردیا۔ جن میں 15سالہ فیضان، محمد عباس، جان محمد راتھر، نصیر احمداور شبیر احمد شامل ہیں ۔اس موقع پر پلٹ گنوں اور آنسوگیس کا وحشیانہ استعمال کیا گیاجس کے نتیجے میں2خواتین
سمیت20مظاہرین زخمی ہوگئے۔ نوجوانوں کی شہادت کی خبر پھیلتے ہی سرینگر کے بٹہ مالو، قمر واری، صورہ، شالہ ٹینگ ، زینہ کوٹ اور دیگر علاقوں میں ہزاروں افرادسڑکوں پر نکل آئے اورانہوں نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ بڈگام میں مشتعل نوجوانوں نے بڈگام میں کئی مقامات پر مشتعل نوجوانوں نے پولنگ مراکز اور پولنگ عملہ کی گاڑیوں پر پتھرا ؤکیا۔کئی مقامات پر پولنگ اسٹیشنوں میں گھس کر بیلٹ بکس اور الیکڑانک ووٹنگ مشینیں چھیں لیں اور پولنگ عملے کو بھاگنے پر مجبور کر دیا ۔ بہت سے مقامات پر پولنگ اسٹیشنوں کو تالے لگا دیے ۔ضلع بڈگام کے علاقے ڈونی واری میں پولنگ سامان لے کر جانے والی بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی ایک گاڑی نذر آتش کر دی۔ دریں اثنا کٹھ پتلی انتظامیہ نے سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، محمد اشرف صحرائی، آسیہ اندرابی ، نعیم احمد خان، مختار احمد وازہ اور دیگر حریت کو انتخابات کے خلاف مظاہروں اور ریلیوں کی قیادت سے روکنے کے لیے جیلوں ‘تھانوں اور گھروں میں نظر بند رکھا۔ بھارتی پولیس نے حریت کارکنوں سمیت سیکڑوں نوجوانوں کو مظاہروں میں شرکت سے روکنے کے لیے گرفتار کر لیا ہے۔علاوہ ازیں مقبوضہ وادی میں اسلامی یونیورسٹی کے طلبہ نے بھارتی ترانہ پڑھنے سے انکار کر دیا ۔ادھر پاکستان نے بھارتی فوج کی درندگی کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی مظالم فوری رکوائیں۔ دریں اثناء وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انٹر نیشنل کشمیررائٹس کمیشن پاکستان کے زیر اہتمام ہونے والی کشمیر کانفرنس سے برطانیہ کے ہاؤس آف لارڈ کے رکن لارڈ نذیر احمد ، ن لیگ کے رہنما سید ظفر علی شاہ، حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی ،حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک،تحریک آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین مولانا عبدالعزیز علوی، آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما احمد رضا قصوری،جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما محمود احمد ساغر و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے بھارتی فوج کی دہشت گردی کی شدید الٖفاظ میں مذمت کر تے ہو ئے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے ‘مقبوضہ کشمیر میں گن پوائنٹ پر انتخابات دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش تھی ‘ ،مودی کو عالمی سطح پر دہشت گرد قرار دلوانے کے لیے تحریک چلائی جائے ۔