راہداری نے پاکستان کیلیے دنیا کی رائے تبدیل کردی، احسن اقبال

101

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری نے پاکستان کے بارے میں دنیا کی رائے بدل کر رکھ دی ہے، 2013ء سے قبل ہمارے مخالفین ہمیں خطرناک ملک قرار دینے پر توانائیاں صرف کر رہے تھے، آج پاکستان کے بدخواہ سی پیک کی کامیابی کو روکنے کے لیے شکوک پیدا کرنا چاہ رہے ہیں، گوادر خطے میں ترقی کا محور بن کر ابھر رہا ہے، سی پیک
تیزی سے حقیقت میں ڈھل رہا ہے، سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہی ہو سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سے آئے ہوئے پارٹی اور نوجوانوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تاریخ میں پہلی بار بلوچستان کے عوام کا احساس محرومی ختم ہوتا نظر آ رہا ہے۔ بلوچستان کے طول و عرض میں ترقیاتی منصوبوں اور سڑکوں کا جال بچھنے سے وہاں کے عوام قومی دھارے کا حصہ بن چکے ہیں۔ گوادر میں بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی کے قیام سے یہ شہر تعلیمی میدان میں بھی دنیا کی توجہ کا مرکز بن جائے گا۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان اور دیگر ممالک سے طلبہ اور پروفیشنلز گوادر یونیورسٹی میں تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے آئیں گے۔