اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے نیو اسلام آباد ائر پورٹ کا دورہ کیا اور ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن ائر مارشل (ر) عاصم سلیمان سے نیو اسلام آباد ائر پورٹ کے افتتاح کے تناظر میں پیشہ ورانہ تیاریوں سے متعلق بریفنگ لی۔ وزیراعظم کے مشیر کے ہمراہ سیکرٹری ہوا بازی عرفان الٰہی بھی تھے۔ وزیراعظم کے مشیر نے ہدایت کی کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو چاہیے کہ نئے ائر پورٹ سے آپریشن کے کامیاب آغاز کیلیے موثر انداز میں تمام کام مکمل کرے۔ انہوں
نے اطمینان کا اظہار کیا کہ نیا اسلام آباد ائر پورٹ جدید عالمی معیار کی سہولیات کا حامل ملک کا پہلا ائر پورٹ ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ملک کے دیگر ہوائی اڈوں کو بھی جدید بنایا جائے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے لیس کیا جائے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی ہوائی اڈوں پر کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ کے ذریعہ مزید محصولات پیدا کرے۔ انہوں نے سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل سے کہا کہ نئے ائر پورٹ کی حدود میں دستیاب اراضی اور آبی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک تفریحی پارک کا قیام عمل میں لائے۔