سعودی عسکری اتحاد پاکستان کیلیے دلدل بن جائیگا،ایم ڈبلیو ایم

50

کراچی (اسٹاف ر پورٹر)مجلس وحدت المسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنما علامہ سید مبشر حسن نے کہا ہے کہ امریکی ایما پر بننے والے عسکری اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کے نتائج افغانستان میں امریکا کی جنگ لڑنے سے زیادہ بدترین ثابت ہونگے،پاکستان ایسی دلدل میں پھنس جائے گا جس سے نکلنا شاید ممکن نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملیر میں ایم ڈبلیو ایم ملیر کی ضلعی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نام نہاد سعودی عسکری اتحاد عالم اسلام کی وحدت کے خلاف امریکی سازش کا تسلسل ہے،پاکستان جیسے عظیم اسلامی ایٹمی طاقت کے حامل ملک کو کسی بھی ایسی امریکی سازش کا حصہ نہیں بننا چاہیے،قوم آج تک امریکا کی افغان وار کے قرض اتار رہی ہے، افغانستان میں امریکی جنگ کا حصہ بننے کے باعث پاکستان کے80 ہزار عوام کی قربانیوں کے باوجود ابھی تک ہم امریکا نواز ناسور دہشت گردوں سے جان نہیں چھڑوا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین عالمی حساس صورتحال کے پیش نظر اور عالم اسلام کی تقسیم پر مبنی امریکی اسرائیلی سازشوں سے ہوشیار رہتے ہوئے ملک و قوم کو مشرق وسطیٰ کی دلدل میں دھکیلنے والوں کا راستہ روکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے قربانی دی ہے۔