سپرہائی وے پر بدترین ٹریفک جام قابل تشویش ہے‘معراج الہدیٰ

128

کراچی( اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے سپرہائی وے پر بدترین ٹریفک جام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتظامی نااہلی اوراعلیٰ حکام کو نوٹس لے کرذمے داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ جلدبازی اورنامکمل سڑک کا افتتاح کرکے عوام کو مزید پریشان کیا گیا ہے اس کے باوجود عملہ ٹول ٹیکس مکمل وصول کررہاہے جوکہ عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔نامکمل سڑک اورانتظامی نااہلی کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام
اورحادثات معمول بنتے جارہے ہیں،اگر کوئی حادثہ ہوجائے توان کاکوئی پرسان حال نہیں ہوتا اورگھنٹوں ٹریفک جام رہتاہے ، جس میں ایمبولینس،عورتیں ،بچے اوربزرگ شہری ویران علاقے میں پھنسے رہتے ہیں،گزشتہ شام سے اتوار کی شام تک عوام سپرہائی وے پر بدترین ٹریفک جام میں پھنسے رہے۔حادثے اورٹریفک جام کی صورت میں کوئی متبادل راستہ بھی نہ ہونے سے عوام دہرے عذاب میں مبتلا ہوجاتے ہیں ۔صوبائی امیر نے زوردیا کہ نامکمل سڑک کو جلد مکمل کیا جائے اورحادثات وٹریفک جام ہونے کی صورت میں متبادل راستوں کا اہتمام بھی کیا جائے تاکہ ایمبولنسز،مریضوں کو بروقت اسپتال اورشہری عذاب سے بھی بچ سکیں ۔