سینئر مزدور رہنما اقبال منشی انتقال کرگئے

163

243پاکستان نیشنل فیڈریشن آف ٹریڈ یونین کے رہنما اور کراچی اسٹاک ایکسچینج ایمپلائز یونین کے سابق جنرل سیکرٹری محمد اقبال منشی ایڈووکیٹ 4اپریل کو رضائے الٰہی سے انتقال کرگئے۔ ان کی نماز جنازہ فاروق اعظم مسجد نزد پولیس ٹریننگ سینٹر بلدیہ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ سے قبل امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ معراج الہدیٰ صدیقی نے درس قرآن دیا اور اقبال منشی کی خدمات پر مختصر روشنی ڈالی۔ نماز جنازہ میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو،جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر اسحاق خان، جماعت اسلامی ضلع غربی کے امیر عبدالرزاق، مزدور رہنما عبدالغفور بلوچ، قاضی تنویر، موسیٰ خان، ظاہر شاہ، گل بخت شاہ، شاہد منشی، اعجاز میرانی اور اہل محلہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ محمد اقبال منشی تقریباً 25سال کراچی اسٹاک ایکسچینج ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری رہے۔ صنعتی تنازع کی وجہ سے انتظامیہ نے انہیں برطرف کردیا تھا۔ اقبال منشی نے اپنی بحالی کا مقدمہ تقریباً 20سال مختلف عدالتوں میں لڑا اور آخر کار کراچی اسٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ کی مسلسل ہٹ دھری کی وجہ سے راضی نامہ کرلیا۔ اس کے بعد وہ مختلف وکلاء کے ساتھ عدالتوں میں مزدوروں کے مقدمات لڑتے رہے۔ ضرورت مند مزدور کا مقدمہ بہت کم رقم میں لے لیا کرتے تھے۔ اقبال منشی جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کے رہنما کی حیثیت سے اہل محلہ کے مظلوموں کے لیے تھانوں میں داد رسی کرتے تھے ۔ جماعت اسلامی کی طرف سے انہوں نے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا تھا۔ اس موقع پر مزدو ر رہنما شفیق غوری، قمر الحسن، میر ذوالفقار علی، ذوالفقار احمد، خائستہ خان، رشید عثمان، محمد صدیق ملک، فضل رحیم اور دیگر نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔