کراچی (اسٹاف رپورٹر)مردم شماری سندھ کی بقا کا مسئلہ ہے، سندھ کے مستقبل کیلیے مردم شماری میں خود کو شمار کروانا انتہائی ضروری ہے، مردم شماری کے حوالے سے صوبوں کے تمام خدشات ختم کرکے مردم شماری کے درست نتائج منظرعام پر لائے جائیں،سندھ میں صاف اورشفاف طریقے سے خانہ شماری اور مردم شماری ہونی چاہیے، بصورت دیگر سندھ کے عوام نتائج قبول نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار سندھ نیشنل پارٹی کے سربراہ امیر بھنبھرو نے اپنے ایک جاری کردہ پریس بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں سندھیوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سندھ دشمن سازش ہو رہی ہے، جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہو نے دیں گے، کافی عرصے سے مردم شماری نہ کراکر وفاق نے صوبوں کی حق تلفی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالت عظمیٰ کے حکم کے تحت جب مردم شماری ہو رہی ہے تو وفاق اور سندھ دشمن قوتیں سندھیوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلیے انجینئرڈ نتائج دینے کی تیاریاں کر رہی ہیں، وفاقی سرکار اور سندھ دشمن قوتیں سندھ کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، جس کو مکمل طور پر ناکام بنانے کیلیے سندھی قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر ان کا مقابلہ کرنا ہوگا۔