)ملک بھر میں آپریشن رد الفساد جاری ،ڈی جی خان میں5دہشت گرد ہلاک، سیکورٹی اہلکار شہید

116

ڈیرہ غازیخان، کوئٹہ، کراچی، اسلام آباد، پشاور (آن لائن/صباح نیوز)ملک بھر میں آپریشن رد الفساد جاری ،ڈی جی خان میں5دہشت گرد ہلاک، سیکورٹی اہلکار شہید ، کوئٹہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام ،2 دہشت گرد گرفتار، 80 کلوگرام بارودی مواد برآمد۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان اورنواحی علاقوں میں فوج اور رینجرز نے سرچ آپریشن کیا ،اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ
کردی،جوابی فائرنگ کے نتیجے میں5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک سیکورٹی اہلکار شہید اور ایک رینجرز کا جوان زخمی ہوگیا ،مارے جانے والے افراد قومی مقامات پر حملوں سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔ دوسری جانب سیکورٹی فورسز نے کوئٹہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔ چمن اورپاک افغان سرحدی علاقے میں80کلو بارودی مواد سے بھری گاڑی پکڑ لی گئی ،2 دہشت گرد گرفتار،گاڑی کو قندھارمیں تیار کر کے پاکستان لایا گیا تھا۔دہشت گردوں کاگاڑی میں بارودی مواد رکھ کر تخریب کاری کامنصوبہ تھا۔ادھربلوچستان کے علاقے سوئی میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی زیر زمین چھپائی گئی بارودی سرنگ سے ٹکرکرزوردار دھماکے سے پھٹ گئی ، تاہم اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے جبکہ دکی کے علاقے میں دھماکا خیز مواد پھٹنے سے10 سالہ بچہ نجیب اللہ شدید زخمی ہو گیا ۔ ادھربھکر میں سرچ آپریشن کے دوران27 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیاجبکہ لودھراں میں کارروائی کے دوران 28 سے زائد گھروں کی تلاشی لی اور56افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔اس دوران7 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا،جن سے 3 مشکوک موٹرسائیکلیں اور منشیات بھی برآمد ہوئی ۔علاوہ ازیں کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 15 افراد کو حراست میں لے کر ایک پستول اور منشیات برآمد کرلی۔ادھر اسلام آبادمیں سرچ آپریشن کے دوران 210 گھروں کی تلاشی لی گئی۔ 370 افراد کو چیک کیا گیا۔ اس دوران ایک 12 بور رائفل ایک ایس ایم جی ، دو 30 بور پستول، ایک 7 ایم ایم پستول، ایک ٹرپل ٹو رائفل، ایک 32 بور پستول برآمد ہوا ہے۔ علاوہ ازیں پارہ چنار میں حال ہی میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پشاور،کوہاٹ ، ہنگو ، ڈیرہ اسماعیل خان ، کرم اورکزئی ایجنسی میں تمام اداروں کو ہائی الرٹ کیا ہے ۔