کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی رہنما فریال مخدوم نے نزہت عامر کو پاکستان مسلم لیگ(ن) خواتین ونگ کی مرکزی صدر اور شاہین حبیب اللہ کو جنرل سیکرٹری جبکہ سندھ کے فعال اور اعلیٰ تعلیم یافتہ رہنما سرفراز خان جتوئی کو پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کا صدر نامزد ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ن لیگ صوبے کی بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی، قائد میاں محمد نواز شریف کے فیصلے ملک کی سیاسی تاریخ مرتب کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔نزہت عامر، شاہین حبیب اللہ اور محترم سرفراز خان جتوئی پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نئی کامیابیوں کی نوید ثابت ہوں گے۔ نزہت عامر اور شاہین حبیب اللہ کی فعال رہنمائی میں خواتین ونگ پاکستان کی سیاست میں خواتین کے اہم کردار کو مزید بہتر بنانے کی طرف بڑا قدم ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) خواتین ونگ کی کوششوں سے آئندہ انتخابات میں ہماری کامیابیاں ماضی سے بڑی ہوں گی اسی طرح سندھ میں سرفراز خان جتوئی کی متحرک اور فعال قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) صوبے کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔نزہت عامر، شاہین حبیب اللہ اور سرفراز خان جتوئی کے نام مبارکباد کے پیغام میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رہنما فریال مخدوم نے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف نے خواتین ونگ کے ساتھ ساتھ سندھ کو بہترین قیادت دے کر کارکنوں کے دل جیت لیے ہیں۔ پاکستان کی نصف سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے۔ نزہت عامر کی قیادت میں ہم پاکستان کی تمام خواتین کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کا حصہ بنائیں گی اور آنے والے انتخابات میں مردوں کی نسبت خواتین کے ووٹوں سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے قیام کی نئی تاریخ بنائیں گی۔