کراچی (اسٹاف رپورٹر )ایم ڈی واٹربورڈ سید ہاشم رضا زیدی کی ہدایت پر واٹربورڈ کی غیرقانونی ہائیڈرنٹس اور پانی چوروں کیخلاف بھرپور کارروائی، فیکٹریوں کی آڑ میں قائم 2ہائیڈرنٹس کا خاتمہ کرکے مرکزی لائن سے لیے گئے پانی کے 5کنکشن منقطع کردیے گئے ،2لاکھ گیلن پانی کی چوری روک دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ کی خصوصی ہدایت پر واٹربورڈ کے ڈسکنکشن اسکواڈ نے پانی چوروں کے خلاف ایک بار پھر کارروائی تیز کردی ہے ،ایگزیکٹو انجینئر ڈبلیو ٹی ایم آصف قادری کی سربراہی میں اسکواڈ نے تھانہ سہراب گوٹھ کی حدود ایوب گوٹھ اور سیفل گوٹھ میں فیکٹریوں کی آڑ میں قائم غیرقانونی ہائیڈرنٹس کا خاتمہ کردیا جبکہ واٹربورڈ کی 54انچ قطر کی مرکزی لائن سے لیے گئے 3سے 4 انچ قطر کے 5کنکشن منقطع کردیے ہیں ،واٹربورڈ کے عملے نے پانی چوری میں استعمال ہونے والا پائپ و دیگر سامان قبضے میں لے کر تھانے میں جمع کرادیا ہے جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لیے متعلقہ تھانے میں درخواست دیدی گئی ہے۔،واضح رہے کہ ملزمان فیکٹری کی آڑ میں غیرقانونی ہائیڈرنٹس چلارہے تھے ،ان ہائیڈرنٹس سے رات کے اوقات میں 2لاکھ گیلن پانی چوری کرکے فروخت کیا جاتا تھا ،کارروائی میں تھانہ سہراب گوٹھ کی چوکی کے انچارج عبدالمالک نے پولیس نفری کے ساتھ حصہ لیا۔دریں اثنا ایم ڈی واٹربورڈ نے اس کارروائی پر خصوصی ڈسکنکشن اسکواڈ کو شاباش دی ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے ، اعلیٰ عدالتی کمیشن کی ہدایات اور وزیربلدیات و چیئرمین واٹربورڈ کے احکامات پر شہر میں پانی چوروں کا قلع قمع کردیا جائے ،انہوں نے کہا کہ پانی چوری میں ملوث عناصر چاہے کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں ان کے خلاف کارروائی بلاامتیاز اور شہر کے تمام علاقوں میں ہونی چاہیے ،شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے ۔