کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی سندھ نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور گیس کی عدم فراہمی کے معاملے پروفاقی حکومت کے خلاف آئندہ ہفتے سے صوبے کے تمام اضلاع میں احتجاجی تحریک چلانے اور دھرنے دینے کا اعلان کر دیا ہے۔یہ اعلان پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے اتوار کو پی پی پی میڈیا سیل بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ میں 20،20 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ،70 فیصد گیس سندھ پیدا کرتا ہے اور صوبے کے ہی دیہی علاقوں کو گیس فراہم نہیں کی جارہی، ہم مزید سندھ کے عوام کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کریں گے، اگر وفاقی حکومت نے یہ زیادتی بند نہ کی تو آئندہ ہفتے سے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور گیس کی عدم فراہمی سے متعلق سندھ کے ہر ضلع میں دھرنے دے کر احتجاج کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو بتائیں گے کہ ہم آپ
سے نہیں ڈرتے، وفاقی حکومت نے جان بوجھ کر پانی کا بحران پیدا کیا ہے تاکہ سندھ کو بنجر کیا جاسکے ، ہم پانی،بجلی اور گیس پر وفاقی حکومت کی زیادتیوں پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔