خیرپور (نمائندہ جسارت) الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے تحت خیرپور میں یتیم بچوں کی کفالت اور الخدمت کمپلیکس کی تعمیرکے لیے فنڈ ریزنگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں علاقے کی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات سمیت خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اوردل کھول کر عطیات دیے۔ صدر الخدمت سندھ ڈاکٹر سید تبسم جعفری، رکن قومی اسمبلی نواب خان وسان، ایس ایس پی خیرپور اظفر حسین مہیسر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریاض حسین وسان، معروف سندھی آرٹسٹ، واحد رضا بلوچ، رشید چارن اور صابر قریشی و دیگر مہمان شریک تھے۔ اس موقع پر محمد صدر الخدمت سندھ نے کہا کہ ہم سب کو معاشرے کی خدمت کے لیے آگے بڑھنا ہوگا، ہر شخص نیکی کے اس منصوبے میں اپنے حصے کو یقینی بنائے، انہوں نے اہل علاقہ کو نیکی کا بڑا منصوبہ بنانے میں اہم کردار ادا کرنے پرخراج تحسین بھی پیش کیا۔ الخدمت ضلع خیرپور کے صدر حسن طارق نے زبردست تعاون پر اہل علاقہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید سے زیادہ تعاون پر اہل علاقہ کا مشکور ہوں، اس سے ہمارا خدمت کا جذبہ مزید پروان چڑھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت کمپلیکس منصوبہ ہم سب کا ہے، مل کر اس کو علاقے کا مثالی منصوبہ بنائیں گے۔ پروگرام میں نظامت کے فرائض نامور مصنف، ادیب اور ناول نگار اختر عباس نے ادا کیے۔