حادثات وواقعات میں 2خواتین اور بچوں سمیت5افراد جاں بحق

84

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں ہونے والے جان لیو احادثات وواقعات میں 2نو عمر سگے بھائیوں اور 2خواتین سمیت 5افراد جاں بحق اور ایک خاتون سمیت2 افراد زخمی ہو گئے ،گڈانی میں دو بھائی سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے ، کورنگی میں خاتون نے شوہر سے جھگڑے کے بعد خودکشی کی ،نیوکراچی میں خاتوں کو کچلنے والے ڈمپرکو شہریوں نے نذر آتش کردیا،تفصیلات کے مطابق اتوار کوبلدیہ ٹاؤن سے اپنے گھروالوں کے ساتھ پکنک منانے کے لیے جانے والے دو بھائی 11سالہ معاذ اور 9سالہ عیسیٰ سمندر میں نہارہے تھے اسی دوران ایک تیز لہر ان کو اپنے ساتھ بہاکرلے گئی وہاں موجو د افراد اور لائف گاڑدز نے ان کو بچانے کی کوشش کی تاہم دونوں بچے ڈوب کرجاں بحق ہو گئے جن کی لاشیں ایدھی کے رضاکاروں نے اتوار کی شام سمندر سے برآمد کرلیں ۔ادھر سر ہائی وے پر منگو نادرن بائی پاس کے نزدیک نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر 37سالہ موٹر سائیکل سوار ثاقب جاں بحق جب کہ اس کا ساتھی 35سالہ جنید زخمی ہو گیا ،حادثہ کازمہ دار ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہو گیا واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولس نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا متوفی ثاقب کے ورثاء اس کی لاش بغیر کسی قانونی کارروائی کے اپنے ہمراہ لے گئے ۔نیو کراچی میں کریلا اسٹاپ کے نزدیک ریتی بجری لے کر جانے والا ایک تیز رفتارڈمپر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر قریب سے گزرنے والی موٹرسائیکل پر چڑھ گیا جس کے نتیجے میں ایک خاتون 35سالہ صنم موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جب کہ ناصر اوراحتشا م زخمی ہو گئے زخمی ہونے والے دونوں افراد اور خاتون کی لاش کو اسپتال روانہ کردیاگیا ،حادثے کامنظر دیکھنے والے مشتعل راہ گیروں نے تعاقب کے بعدڈمپر کو روک کر اسے نذر آتش کردیا تاہم ڈرائیور بھاگنے میں کامیاب ہو گیا۔کورنگی 6سے 21سالہ رمشا زوجہ فیصل کی لاش برآمد ہو ئی جو گلے میں پھندا لگنے کے پاعث جاں بحق ہوئی تھی ،کورنگی پولیس کے مطابق رمشا کے لواحقین نے بتایا کہ رمشاکی چند ماہ قبل فیصل سے شادی ہوئی تھی اوراس نے اپنے شوہر سے جھگڑا ہونے کے بعددلبرداشتہ ہوکر خودکشی کی ہے ، تاہم پولیس نے لاش قبضے میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال روانہ کردی ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد مزیدتفتیش کی جائے گی ۔سائٹ اے تھانے کی حدود میں واقع میٹروول4کے مکان نمبرA 131کے باہر کھڑی ہوئی 16سالہ عائشہ دختر اعجاز نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہو گئی جس کو اسپتال روانہ کردیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔آرام باغ تھانے کی حدوومیں انصار برنی ٹرسٹ کے سامنے بھی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے30سالہ جلیل زخمی ہو گیاجس کو فوری طور پر اسپتال روانہ کردیاگیا ۔