عافیہ کو امریکا کے حوالے کرکے آئین کو رونداگیا،فوزیہ صدیقی

80

کراچی (اسٹاف ر پورٹر)ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ عافیہ کو اس کے تین معصوم بچوں سمیت امریکیوں کے حوالے کرکے آئین کو روندا گیا تھا۔ آج کی ’’عافیہ آزادی ریلی‘‘ کا مقصد ملک میں آئین اورقانون کی بالادستی قائم کرنا ہے۔ جب تک حکمران اور سرکاری حکام عدالتی فیصلوں کا پاس نہیں کریں گے۔ عافیہ کی طرح عام آدمی کو انصاف نہیں ملے گا۔ وہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کیلیے جاری عالمی جدوجہد کے سلسلے میں سفاری پارک سے ٹاور تک نکالی گئی موٹر سائیکل ’’عافیہ آزادی ریلی‘‘ کی قیادت کررہی تھیں جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی اور سیاسی و سماجی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور عافیہ موومنٹ کے رضاکار شریک تھے۔شرکا نے ’’فری عافیہ‘‘ کے جھنڈے تھام رکھے تھے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ آزادی کے 70 سال بعد بھی حکمرانوں اور سرکاری حکام نے قوم کو غلام بنا کر رکھا ہوا ہے۔حکمرانوں کا ایک خط عافیہ کی رہائی میں رکاوٹ بن گیا جو تاریخ کا حصہ بن چکا ہے ۔ ’’عافیہ آزادی ریلی‘‘ کے ذریعے قوم متحد ہوئی ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ نے مزید کہا کہ عافیہ نے کبھی بھی امریکی شہریت اختیار نہیں کی۔ ماہرین قانون عافیہ کی امریکا منتقلی اور مقدمے کو غیرقانونی قرار دیتے ہیں۔ وہ ماہرتعلیم ہیں اور قوم کے بچوں کے بہتر تعلیمی مستقبل پر کام کرنے کیلیے وہ پاکستان واپس آئی تھیں لیکن کو ان کو تین معصوم بچوں سمیت اغوا کرکے امریکیوں کے حوالے کردیا گیا۔