عوام صبر ، تحمل کے ساتھ متحدہ سے جڑے رہیں،اراکین قومی اسمبلی

101

کراچی (اسٹاف ر پورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے اراکین قومی اسمبلی نے کہاکہ آج کراچی اور اس کے عوام کی بنیادی ضروریات پر احتجاج ، مظاہرے اور دھرنے دینے والی نام نہاد سیاسی جماعتیں ڈرامے بازی کررہی ہیں اور شہرکراچی کے عوام کو کلاشنکوف کلچر ، چائنا کٹنگ اور دیگر برائیوں میں دھکیل کر مگر مچھ کے آنسو بہا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی اور اس شہریوں کے مسائل پر دھرنے اور مظاہرے کرنے والے مفادات کی دوڑ میں لگے ہیں ، انہیں نہ کل کراچی کے مسائل کے حل سے کوئی دلچسپی تھی اور نہ ہی آج ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہری بخوبی جانتے ہیں کہ ان کے مسائل کا حل ایم کیوایم (پاکستان ) کے پاس ہے جسے سیاسی مات دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نام نہاد سیاسی جماعتیں اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی میں عوام کو دھوکا دینے اور جھوٹی ہمدردیاں حاصل کرنے کی کوشش ضرور کرسکتی ہیں ۔ حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے کراچی بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ نام نہاد سیاسی جماعتوں کے میٹھے میٹھے حربوں میں ہرگز نہیں آئیں اور ایم کیوایم (پاکستان ) کے ساتھ صبر ، تحمل اور اتحاد کے ساتھ جڑے رہیں ۔