مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کے درمیان آئی جی سندھ کی تعیناتی کے حوالے سے سرد جنگ ختم ہوگئی ہے

114

اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کے درمیان آئی جی سندھ کی تعیناتی کے حوالے سے سرد جنگ ختم ہوگئی ہے‘ وفاقی حکومت نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ڈی جی ایف آئی اے تعینات کر دیا ہے‘کیپٹن بابر نواز کو آئی جی پنجاب مقرر کردیاگیاہے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں نے باہمی رضامندی سے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ڈی جی ایف آئی اے اسلام آباد لگانے کا فیصلہ کرلیا
ہے۔ذرائع کے مطابق اے ڈی خواجہ کی بطور ڈی جی ایف آئی اے تعیناتی کے حوالے سے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے کوئی مشورہ نہیں لیا گیا‘ وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کے مابین آئی جی سندھ کی تعیناتی کے حوالے سے معاملات گزشتہ 2 ہفتے سے بگڑ رہے تھے۔ سندھ حکومت نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو تبدیل کرکے عبدالمجید دستی کو نیا آئی جی سندھ لگایا تھا مگر عدالت نے اے ڈی خواجہ کو کام جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے سندھ حکومت کو کہا تھا کہ کابینہ سے اس فیصلہ کی منظوری لے اس کے بعد اے ڈی خواجہ کو تبدیل کیا جائے جس کے بعد سندھ حکومت نے کابینہ کا اجلاس بلا کر عبدالمجید دستی کو نیا آئی جی سندھ لگانے کی منظوری دی تھی مگر اس کے بعد سندھ ہائی کورٹ میں ایک اور اپیل دائرکی گئی جس کے بعد یہ معاملہ لٹکا ہوا تھا۔ ذرائع کے مطابق خورشید شاہ اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ملاقات میں اس معاملے کو حل کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ دریں اثنا وفاقی حکومت نے کیپٹن بابر نواز کو نیا آئی جی پنجاب لگانے کا فیصلہ کیا ہے‘ موجودہ آئی جی مشتاق احمد سکھیرا آج بروز پیر 10 اپریل کو ریٹائر ہورہے ہیں اس طرح امجد سلیمی کو آئی جی سندھ اور امین وینس کو آئی جی بلوچستان لگانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔