ناکارہ حکمران ملک میں کوئی تبدیلی نہیں لا سکتے، مسرت چیمہ

99

فیصل آباد (پ ر) تحریک انصاف خواتین ونگ کی رہنما مسّرت چیمہ نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ تحریک انصاف ملازمتوں کی بندر بانٹ، ممبروں کے کوٹے اور اسامیوں کی خرید و فروخت کا سلسلہ بند کرکے نوجوانوں کو باعزت روزگار ، اعلیٰ تعلیم کی سہولتیں فراہم کرے گی۔ کھیل کے میدانوں اور کھیلوں میں سیاسی مداخلت بند کر کے میرٹ پر ہر کھیل کے لیے کھلا ڑیوں کا انتخاب یقینی بنایا جائے گا تاکہ نوجوانوں میں اعتماد پیدا کیا جاسکے۔ تحریک انصاف اپنے قائد عمران خان کی قیادت میں نوجوانوں کے روشن اور تعمیری مستقبل کے لیے بھر پور کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد حکمرانوں نے ملک کے نوجوانوں کو جس انقلاب کا خواب دکھایا تھا وہ حقیقت ثابت نہیں ہوسکا۔ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے بجائے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ آزمائے ہوئے اور ناکارہ حکمران ملک میں اسٹیٹس کو کی سرپرستی تو کرسکتے ہیں، عوام کے لیے کوئی بڑی انقلابی تبدیلی لانے میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔