پاناما لیکس ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے،امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد

116

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ پاناما لیکس ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے۔ حکومت پاناما لیکس کے معاملے پر ٹال مٹول سے کام نہ لیتی تو پاکستان میں سیاسی بحران پیدا نہ ہوتا۔ پاناما لیکس پر بہت تاخیر ہوچکی، اب اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے۔ قوم کی نگاہیں عدالت عظمیٰ پر لگی ہوئی ہیں۔ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کی نوید ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں صحیح معنوں میں احتساب کا عمل شروع نہیں ہوجاتا تب تک نہ تو کرپشن کا خاتمہ ہوسکتا ہے اور نہ کرپٹ عناصر کا۔ کرپشن اور منی لانڈرنگ کرنے والوں کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیے۔پاناما لیکس حکمرانوں کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے۔ جھوٹ بولنے پر وزیر اعظم کے خلاف آرٹیکل 62 اور 63 کا اطلاق ہوتا ہے۔ ملک میں عوام کی محرومیوں کی اصل وجہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ کرپشن ہے۔ کرپشن ایک ناسور بن چکا ہے جو ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کررہی ہے اور ملکی ترقی میں بھی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ کرپشن کا خاتمہ کرنے اور کرپٹ افراد کا احتساب کرنے کا نعرہ تو ہر آنے والی حکومت نے لگایا مگر اس جانب عملی طور پر پیش رفت نہیں کی گئی۔ جب تک کرپٹ عناصر کیخلاف بلاتفریق کارروائی اور ملک وقوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس نہیں لائی جاتی، ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ نیب جیسا ادارہ کرپٹ عناصر کو تحفظ فراہم کرنے کاذریعہ بن چکا ہے۔ اربوں کھربوں روپے لوٹنے والے پلی بارگین کرکے چھوٹ جاتے ہیں جبکہ غریب کو ناحق کئی کئی برس تک پابند سلاسل رکھا جاتا ہے جوکہ فرسودہ نظام کا شاخسانہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ ملک میں کرپشن کے خلاف سب سے پہلے آواز جماعت اسلامی نے اٹھائی۔