***۔۔۔۔۔۔اندرون ملک سے ۔۔۔۔۔۔***

82

کوٹری (نمائندہ جسارت)سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی غلام قادر مری سمیت 4 افراد کا 72 گھنٹے گزر جانے کے باوجود کوئی سراغ نہیں لگ سکا اور نہ ہی ان کی گمشدگی کی رپورٹ داخل کی جاسکی ہے۔ اس سلسلے میں غلام قادر مری کے قریبی عزیز اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے ایس ایس پی جامشورو تنویر عالم اوڈھو سے ملاقات کی اور اس بابت پولیس کو تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ بازیاب کردہ گاڑی کی بابت انہیں معلومات فراہم کیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق صلح مشورے کے بعد فی الحال کیس داخل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایس ایچ او جامشورو خالد عباسی نے بتایاکہ غلام قادر مری کی گمشدگی یا اغوا کے واقعے کی پوزیشن بدستور برقرار ہے، ابتک کچھ بھی معلوم نہیں ہوسکا ہے جلد کوئی نتیجہ سامنے آنے کا امکان ہے۔* کوئٹہ (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے چیف سیکورٹی آفیسر کی گاڑی چوری ہوگئی۔ سرفراز بگٹی کے سی ایس او سید امین کی کرولا کار رجسٹریشن نمبر بی ایل ایف 10 چمن پھاٹک کے قریب جونیئر اسسٹنٹ کالونی میں گھر سے ملحقہ گیراج میں کھڑی تھی۔ رات گئے نامعلوم چوروں نے گیراج کے تالے توڑ کر گاڑی چوری کرلی اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تھانہ سول لائن میں واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ دہشت گردی کے کسی واقعہ میں استعمال ہونے کے خدشے کے پیش نظر پولیس، ایف سی اور لیویز نے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرکے گاڑی کی تلاش شروع کردی۔* کوئٹہ میں گیس سیلنڈر پھٹنے کے دو مختلف واقعات میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر پولی ٹیکنیک کالج کے قریب ویلڈنگ کی دکان میں گیس ویلڈنگ سیلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں دکاندار محمد جاوید زخمی ہوا جبکہ دکان کو جزوی نقصان پہنچا۔ ادھر مغربی بائی پاس پر حاجی کیمپ کے قریب نان بائی کی دکان میں گیس لیکج کے باعث آگ لگ گئی جس سے دکان کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔* بلوچستان کے ضلع مستونگ میں غیرت کے نام پر خاتون سمیت دو افراد کو قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ مستونگ کے علاقے سورگز میں پیش آیا، جہاں ملزم منیر احمد نے فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا۔ مقتولین میں بائیس سالہ علی اصغر اور مسمات ن شامل ہیں۔ فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔ لیویز نے موقع پر پہنچ کر لاشیں سول اسپتال مستونگ پہنچا دیں۔ دوہرے قتل کی وجہ سیاہ کاری بتائی جاتی ہے۔* بھکر، لودھراں (آئی این پی) ملک کے مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنے اداروں کا سرچ آپریشن، بھکر اور لودھراں میں کارروائی کے دوران 34 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ بھکر میں حیدر آباد تھل اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا اور 27 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ادھر لودھراں میں صدر کے علاقے بستی راجا پور میں پولیس اور حساس اداروں نے کارروائی کے دوران 28 سے زائد گھروں کی تلاشی لی اور 56 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔ اس دوران7 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جن سے 3مشکوک موٹرسائیکلیں اور منشیات بھی برآمد ہوئی۔* اوکاڑہ (آئی این پی) اوکاڑہ میں جی ٹی روڈ پر 2 بسیں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق اوکاڑہ میں جی ٹی روڈ پر 2 بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔* مردان (آئی این پی) مردان میں تخت بائی میں مسافر وین کھمبے سے ٹکرانے سے 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق اور6 زخمی ہوگئے۔ مردان کے علاقے تخت بائی میں مسافروین کھمبے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور ایک بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔* اسلام آباد (بی این پی) جامعہ اسلام آباد کے 25 سال مکمل ہونے پر اظہار تشکر کے لیے سلور جوبلی کی مرکزی تقریب ’’قومی مدارس کانفر نس‘‘ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں جامعہ کی نمائندہ تنظیمات، اسلام آباد علما کونسل انٹرنیشنل، اسلامک اسٹوڈنٹس فیڈریشن، نظام المساجد کونسل پاکستان، تحفظ ناموس رسالت محاذ، انجمن جلالیہ رضویہ کی ذمے دار شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر مجلس پرنسپل جامعہ ڈاکٹر محمد ظفراقبال جلالی کو کانفرنس کے لیے انتظامات پر بریفنگ دی گئی، جس پر صدر مجلس نے اطمینان کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ ’’اصلاح معاشرہ میں دینی مدارس کا کردار‘‘ کے عنوان پر کانفرنس میں ملک بھر سے دینی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین شرکت کررہے ہیں۔ یہ کانفرنس 20 اپریل بروز جمعرات صبح 9 بجے جناح کنونشن سینٹر اسلام آبادمیں منعقد ہوگی۔* لاہور (آئی این پی) پنجاب میں کرایے پر مکان لینے والوں کے لیے رجسٹریشن کے لیے نئی ایپ متعارف کرادی گئی، اب عوام کو تھانوں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے بلکہ گھر بیٹھے ہی وہ مکان کرایے پر حاصل کرنے کے بعد علاقے کے تھانے میں اپنی رجسٹریشن کراسکیں گے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے عوام کی سہولت کے لیے یہ ایپ متعارف کرائی ہے۔ اس کو ایپلی کیشن گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ ایپ کے بارے میں ایس ایس پی لاہور عمران یعقوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اب کرایہ دار تھانے کے بجائے اپنے گھر میں بیٹھ کر ہی رجسٹریشن کراسکیں گے اور مکان کرایے پر حاصل کرنے کے بعد 15 یوم کے اندر اس ایپ کے ذریعے آن لائن فورم بھجوانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس آسانی کے باوجود اگر کسی شخص نے رجسٹریشن نہ کرائی تو اس کو ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوسکتا ہے۔* لاہور (آئی این پی) پنجاب حکومت کا لاہور سمیت صوبہ بھر میں درباروں اور مزارات کو رجسٹرڈ کر نے کا فیصلہ، صوبائی وزارت مذہبی امور نے اس حوالے سے تجاویز کی تیاری شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر اوقاف سید زعیم حسین قادری کی ہدایت پر صوبائی وزارت نے اس حوالے سے تجاویز تیار کرنا شروع کردیں جو بعد میں پنجاب حکومت کو باقاعدہ طور پر ارسال کردی جائیں گی، جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب اس کی منظوری دیں گے اور بعد ازاں اس حوالے سے رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا۔