جرمنی: نئے قوانین سے مہاجرین کے مددگار پریشان

99

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) شامی مہاجرین کے خاندانوں کو ملانے کی کوششوں میں مصروف جرمن رضاکاروں کو بھاری ادائیگیوں کا سامنا ہے، کیوں کہ ان کی جانب سے مالی بوجھ اٹھانے کی ضمانتیں تو موجود ہیں لیکن قانون تبدیل ہو چکا ہے۔ کلاؤس ڈیٹر گروتھے اور دیگر رضاکاروں نے جرمن ریاست ہیسے میں ’مہاجرین کی مدد، وسطی ہیسے‘ نامی ایک امدادی تنظیم بنائی تھی اور ان انسان دوست باشندوں کو کئی مقامی سیاست دانوں نے بہترین شہری بھی قرار دیا تھا۔ یہ افراد مہاجرین کو نہ صرف خوش آمدید کہہ رہے تھے، بلکہ انہوں نے ان کی مالی ذمے داری بھی اٹھائی تھی۔ مگر یہ فراخ دِلی اب ان کے لیے ایک ڈراؤنے خواب میں بدل چکی ہے۔ 2013ء میں ہیسے کی ریاستی حکومت نے ایک پروگرام شروع کیا تھا، جس کے تحت جرمنی میں موجود شامی مہاجرین کو اپنے خاندانوں کے باقی ماندہ افراد کو بھی جرمنی بلانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ اس قانون کے تحت مہاجرین کو صرف یہ ثابت کرنا ہوتا تھا کہ ان کے پاس اپنے خاندان کے باقی ماندہ افراد کی آمد کے بعد ان کا مالی بوجھ اٹھانے یعنی خوراک اور رہائش کی سہولیات کے لیے کافی مالیاتی وسائل موجود ہیں۔ چوں کہ تمام مہاجرین کی مالی حالت ایسی نہ تھی کہ وہ یہ بوجھ خود اٹھاتے، تو گروتھے اور تقریباً 30 دیگر رضاکار اس کام میں کود پڑے اور مالی ضمانتوں کے دستاویزات پر دستخط کر دیے، جن کے مطابق ان مہاجرین کے خاندانوں کے جرمنی آنے پر ریاستی حکومت کوئی مالی بوجھ نہیں اٹھائے گی بلکہ یہ افراد یہ رقوم خود خرچ کریں گے۔ گروتھے نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بعض صورتوں میں ضمانتی شہری کو کچھ ادا کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ شامی خاندان کو صرف جرمنی لانے کی ضرورت تھی، ہونا صرف یہ تھا کہ ایک کمرے میں ایک کے بجائے 5 افراد سو جاتے اور 5 کے بجائے 8 افراد کا کھانا پکا لیا جاتا اور بعض دیگر صورتوں میں کسی ضمانتی کو 500 سے لے کر 5000 یورو تک ادا کرنا پڑتے۔ تاہم جسے شامی مہاجر خاندانوں کو ملانے کے لیے ایک بار کی فراخ دلی سمجھا جا رہا تھا، وہ ان ضمانتیوں کے لیے مالی طور پر ایک ڈراؤنا خواب بن چکا ہے۔ اب تک یہ بحث کی جا رہی تھی کہ ضمانتیوں پر یہ ذمے داری ان خاندانوں کے جرمنی پہنچ جانے کے بعد ختم کر دی جائے یا نہیں، کیوں کہ کسی بھی متعلقہ خاندان کے دیگر افراد بھی جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کرا رہے تھے، تاہم جرمنی کی وفاقی انتظامی عدالت نے 2016ء کے اپنے فیصلے میں احکامات جاری کر دیے تھے کہ ایسے تمام مہاجرین جو سیاسی پناہ کی درخواست جمع کرانے سے قبل کسی ضمانتی کی مدد سے جرمنی پہنچے، ان کے اخراجات ریاست ادا نہیں کرے گی اور ہر صورت میں ان کا مالی بوجھ ضمانتیوں ہی کو برداشت کرنا ہو گا۔ اب ان ضمانتیوں کو ریاست کو وہ رقوم بھی ادا کرنا ہیں، جو جرمنی آنے والے مہاجرین کے خاندانوں پر مقامی حکومت نے خرچ کیں۔ اس طرح ان رضاکاروں کو اب کئی واقعات میں ہزاروں یورو تک ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔
نئے قوانین ؍ جرمن رضاکار