کراچی (اسٹاف رپورٹر )نظام مصطفی پارٹی کے زیراہتمام’’کلبھوشن یادیوکی سزائے موت کے فیصلے بعد ہماری ذمے داری‘‘ کے عنوان سے پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی وزیرڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب کی صدارت میں آل پارٹیز کا نفرنس کا انعقادکیاگیا،جس میں میر نوازخان مروت،مرزایوسف حسین،ایس ایم الطاف ودیگر نے شرکت کی۔ اے پی سی کے شرکا نے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘کے ایجنٹ’’ کلبھوشن یادیو‘‘کا فوجی عدالت میں چلائے گئے مقدمے کے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعدسزائے موت کے فیصلے پراطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ’’را‘‘کے ایجنٹ کی سزائے موت وطن دشمن عناصراور ان کے سہولت کاروں کے لیے عبرت کی مثال بھی ہے اورایک پیغام بھی ۔شرکا نے کہاکہ بھارتی جاسوس نے اس بات کااعتراف کیاکہ اُسے ’’را‘‘نے پاکستان کی جاسوسی ،کراچی ،بلوچستان میں تخریب کاریوں کا ٹاسک دیاہواتھا ،پاکستان نے اعترافی بیان کی وڈیوزاوربھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کے دستاویزی ثبوت اقوام متحدہ کو بھی فراہم کیے،مگر بھارت نے ہمیشہ لاتعلقی کا اظہارہی کیا ،اَب جب
ملٹری کورٹ نے انصاف پرمبنی فیصلہ سنایاتوبھارت کاپاکستانی ہائی کمیشن میں احتجاج اور بھارتی میڈیاکا واویلا عالمی برادری کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ شرکا نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کیلیے بھارتی مداخلت کے کئی ثبوت فراہم کیے جاچکے ہیں،بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بھی انسانی حقوق کی پامالیوں کاسلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ اقوام متحدہ بھارت کی پاکستان اورمقبوضہ کشمیرمیں جاری دہشت گردی کا نوٹس لے۔