ایران کے سخت گیر سابق صدر محمود احمدی نژاد نے آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے

73

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کے سخت گیر سابق صدر محمود احمدی نژاد نے آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔ احمدی نژاد نے ایسی خبروں کی تردید کی ہے کہ رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے انہیں انتخابات میں شریک ہونے سے منع کیا ہے۔ موجودہ صدر حسن روحانی دوسری مدتِ صدارت کے امیدوار بننے کے اہل ہیں لیکن انہوں نے ابھی تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع نہیں کرائے ہیں۔ محمود احمدی نژاد 2005ء سے 2013ء تک ایرانی صدر رہ چکے ہیں۔ ایرانی صدارتی انتخابات 19 مئی کو ہوں گے۔ دوسری جانب ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کے رہبر اعلیٰ نے احمدی نژاد کو آیندہ صدارتی انتخابات میں امیدوار نہ بننے کا حکم دیا تھا لیکن انہوں نے اب اپنے کاغذات نامزدگی جمع کراکے ایکطرح سے علی خامنہ ای کے حکم کو چیلنج کردیا ہے۔ دیگر ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ برس آیت اللہ خامنہ ای نے متنبہ کیا تھا کہ احمدی نژاد کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینا ملک کے مفاد میں نہیں ہے ۔ تاہم انہوں نے منگل کے روز صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رہبر اعلیٰ نے صرف مشورہ دیا تھا۔ سابق صدر کی جانب سے کاغذات جمع کرانے کے موقع پر وہاں موجود امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے ایک صحافی نے بتایا کہ انتخابی کمیشن کے حکام اس وقت دنگ رہ گئے جب سابق صدر نے کاغذات جمع کرائے۔ مقامی میڈیا کے مطابق کاغذات جمع کرانے کے پہلے روز 120 لوگوں نے اپنے کاغذات جمع کرائے جن میں 6 خواتین بھی شامل ہیں۔ انتخابی عمل 5 روز جاری رہے گا۔ جس کے بعد شوریٰ نگہبان صدارتی امیدواروں کی سیاسی اور اسلامی اہلیت کا جائزہ لے گی اور پھر امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
احمدی نژاد