بحریہ ٹاؤن کو باغ ابن قاسم کی حوالگی ، معاہدہ غیر قانونی ہے، پی ٹی آ ئی

197

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے باغ ابن قاسم پارک بحریہ ٹاؤن کے حوالے کرنے کے خلاف دائر کردہ آئینی درخواست پر بحریہ ٹاؤن سمیت دیگر مدعاعلہیان کو 18اپریل کے لیے نوٹس جاری کردیے۔فاضل عدالت نے اسی نوعیت کی پہلے سے دائر آئینی درخواست کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے حکم امتناعی کو برقرار رکھا ہے۔ جسٹس محمد جنید غفار کی سر براہی میں2رکنی بینچ نے ابن قاسم پارک بحریہ ٹاؤن کے حوالے کرنے کے خلاف پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل کی جانب سے دائر کردہ
آئینی درخواست کی سماعت کی۔درخواست گزار نے اپنے وکیل کے توسط سے دائر کردہ آئینی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ صوبائی حکومت اور بحریہ ٹاؤن کے مابین باغ ابن قاسم کی حوالگی کے حوالے سے معاہدہ ہوا ہے اور یہ معاہدہ کمپنیز آرڈینس کی شق 42کی خلاف ورزی ہے جبکہ رفاعی مقاصد کے لیے پارک کو دیتے ہوئے نو پروفٹ نو لاس کا ذکر بھی ضروری ہے اس کے علاوہ پارک کو بحریہ ٹاؤن کو دیتے ہوئے قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی کی گئی ہے لہٰذا استدعا ہے کہ صوبائی حکومت کے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔