بدین، ٹاؤن کمیٹی کی دو نشستوں پر ضمنی انتخاب آج ہوگا

73

بدین (نمائندہ جسارت) بدین کی تحصیل ٹنڈو باگو ٹاؤن کمیٹی کی دو نشستوں پر آج ہونے والے ضمنی انتخابات کی تیاریاں مکمل، پی پی پی اور مرزا گروپ میں کانٹے کا مقابلہ متوقع۔ بدین کی تحصیل ٹنڈو باگو کے وارڈ نمبر ایک پر پی پی کے شعبان قنبرانی کے انتقال کے باعث اور وارڈ نمبر آٹھ جس پر مرزا گروپ کے دلبر سندھی کی دو نشستوں پر کامیابی کے باعث ایک نشست خالی کیے جانے کے بعد ضمنی الیکشن ہورہاہے ، وارڈ نمبر ایک میں پی پی پی کے امید وار غلام حسین قنبرانی اور مرزا گروپ کے امیر عباس میمن، وار ڈ نمبر ایک پر میل اور فی میل ووٹر کی تعداد 1216 ہے۔ آج ہونے والے انتخاب میں دو پولنگ اسٹیشن اور دو پولنگ بوتھ ہونگے، وارڈ نمبر آٹھ سے پی پی کے انور علی خواجہ اور مرزا گروپ کے عثمان غنی سموں جن کو دیگر جماعتوں کی حمایت بھی حاصل ہے، وارڈ نمبر آٹھ کی میل اور فی میل ووٹر کی تعداد 2242 ہے۔ وارڈ نمبر آٹھ میں دو پولنگ اسٹیشن اور دو پولنگ بوتھ ہونگے جبکہ وارڈ نمبر ایک اور آٹھ کی چار پولنگ اسٹیشن حساس ہیں۔ حالیہ بلدیاتی انتخاب میں ان دونوں نشستوں پر مرزا گروپ کے امیدواروں نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ضمنی انتخاب میں جماعت اسلامی، جمعیت علما اسلام ف سمیت مختلف سیاسی اور قوم پرست جماعتوں کے علاوہ اقلیتی برادری کی حمایت حاصل ہونے کے باعث مرزا گروپ اور اتحادیوں کے امیدواروں کی پوزیشن مضبوط ہے۔