بشار الاسد کا حشر قذافی جیسا ہو گا‘ مقتدیٰ الصدر

58

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراق کے شیعہ مذہبی رہنما مقتدیٰ الصدر نے شامی صدر بشار الاسد کو متنبہ کیا ہے کہ اگر انہوں نے اقتدار نہ چھوڑا تو ان کا انجام بھی لیبیا کے سابق سربراہ معمر قذافی جیسا ہو گا۔ عراقی مذہبی رہنما مقتدیٰ الصدر نے گزشتہ ہفتے شامی حکومت کی جانب سے عام شہریوں کے خلاف مشتبہ طور پر خوفناک کیمیائی حملے کی سخت مذمت کی تھی۔ اس طرح وہ پہلے ایسے شیعہ مذہبی رہنما ہیں جو شامی صدر کی قانونی حیثیت کو چیلنج کرتے ہیں۔ مقتدیٰ الصدر کی طرف سے نیا بیان منگل کے روز جاری کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق انہوں نے بشار الاسد پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا اقتدار چھوڑ دیں اور قذافی جیسے انجام سے بچ جائیں۔ واضح رہے کہ شامی باغیوں کے زیر قبضہ شہر خان شیخون میں 4 اپریل کو ہونے والے کیمیائی حملے کی ذمے داری شامی فورسز پر عاید کی جاتی ہے۔