جھڈو (نمائندہ جسارت) جھڈو اور نواحی علاقوں میں قیامت خیز گرمی، سور ج دوسرے روز بھی آگ برساتا رہا، شدید گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری، دو روز سے پانی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ۔ جھڈو اور گردونواح میں قیامت خیز گرمی کا آج دوسرا روز تھا، سورج دن بھر آگ برساتا رہا، شدید دھوپ اور لُو کے تھپیڑوں کے باعث بازاروں میں سناٹا چھایا رہا اور شہری گھروں میں دبک کر بیٹھے رہے، شہریوں نے گرمی میں ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کیا، برف کی طلب میں اضانے کے باعث برف فروشوں نے بھی منہ مانگے دام وصول کیے اور اکثر جگہ برف ناپید رہی، شدید گرمی میں حیسکو والوں کو بھی صارفین پر رحم نہ آیا اور دن بھر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا جس سے شہری گرمی اور بجلی کی عدم فراہمی سے بے حال ہوگئے، دہرے عذاب میں مبتلا شہریوں کو ٹاؤن کمیٹی کے محکمہ واٹر سپلائی نے دو روز سے پانی کی سپلائی نہ دے کر ان کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں، دو روز سے پانی کی عدم فراہمی کے باعث شہر کے اکثر علاقوں میں پانی کی شدید ترین قلت پید ا ہوگئی ہے، بعض مساجد میں وضو اور اکثر اسکولوں میں شدید گرمی میں پینے کے لیے طلبہ و طالبات کے لیے پانی دستیاب نہیں ہے، شدید گرمی میں پانی و بجلی کی عدم دستیابی پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور فوری طور پر شہر بھر میں پانی فراہم کیا جائے۔ دو روز سے پانی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔