حیدرآباد(نمائندہ جسارت) حق پرستانہ جدوجہد سے وابستہ لوگ قربانیوں کی تاریخ رقم کرتے ہیں مگر اپنے نظریے ،فکر و فلسفے کے تحفظ سے پیچھے نہیں ہٹتے۔ان خیالات کا اظہارایم کیوایم (پاکستان)رابطہ کمیٹی کے رکن و سابق صوبائی وزیر شبیر احمد قائمخانی نے یوسی 46کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے یوسی 46 میں منعقد کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کار نر میٹنگ میں ایم کیوایم ( پاکستان ) رابطہ کمیٹی کے رکن ظفر کمالی، ایم کیوایم سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج مسعود محمود واراکین ،ایم کیوایم حیدرآباد کے آرکنائزر و ایم پی اے راشد خلجی و اراکین اور حق پرست امیدوار برائے چیئر مین توقیر خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اقتدار کی ہوس میں لوگ اپنے نظریے کا سود ا کررہے ہیں اور خود کو وطن پرست ثابت کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حق پرست عوام نام نہادوطن پرستوں کے اصل چہروں سے آشنا ہے وہ کل بھی ایم کیوایم کے نظریے اور فکر وفلسفے کے ساتھ کھڑی تھی اور آج بھی کھڑی ہے ۔کارنر میٹنگ سے ایم کیوایم ( پاکستان ) رابطہ کمیٹی کے رکن ظفر کمالی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وطن پرست زبانی دعووں سے کوئی نہیں ہوتا اس کیلیے اپنا سب کچھ قربان کردینے والے ہی اصل وطن پرست ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بانیان پاکستان کی نسل ہزاروں لوگوں کی قربانی فراموش کرکے کسی سے محب الوطنی کا سرٹیفکیٹ نہیں چاہتی ہے۔