خواجہ آصف کس کے اشاروں پر بیانات دے رہے ہیں؟ امیر العظیم

105

لاہور(نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان و مرکزی سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے سینیٹ میں دیے گئے اس بیان کہ’’ پاکستان کسی مسلک ،فرقے یا مذہب کا ملک نہیں ‘‘پر سخت حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف نجانے کیوں بار بار پاکستان کوایک ایسا ملک ثابت کرنے پر تلے ہوئے ہیں جس کا کوئی دین و مذہب نہیں حالانکہ آئین پاکستان میں ملک کو ایک اسلامی ریاست تسلیم کیا گیا ہے جس میں اللہ کی حاکمیت کا اعتراف کرتے ہوئے قرآن و
سنت کے خلاف دستور سازی نہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف ملک کے آئین و دستور کے خلاف ایسی باتیں پتا نہیں کس کے اشارے پر اور کسے خوش کرنے کے لیے کررہے ہیں حالانکہ علامہ محمد اقبال ؒ نے اسلامی پاکستان کا خواب دیکھا،قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے پاکستان کو اسلام کی تجربہ گاہ قرار دیا اور برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الااللہ کے نعرے لگاتے ہوئے اس کے حصول کے لیے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔آئین پاکستان میں تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے۔ مختلف مذاہب کے پیرو کاروں کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے اور پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہیں محفوظ ہیں ۔انہوں نے کہا اسلام رواداری، اخوت و محبت اور عالمی امن کا علمبرداردین ہے ۔