دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام میں 4 محصور قصبوں سے شہریوں کا انخلا مؤخر کردیا گیا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ملک کے شمال میں مزاحمت کاروں کے محاصرے میں موجود اسد حامی قصبوں سے شہریوں اور جنگجوؤں اور ان کے بدلے میں دمشق کے نواح میں اسدی فوج کے ہاتھوں محصور مضایا اور زبدانی سے شہریوں اور مزاحمت کاروں کا انخلا بدھ کے روز ہونا تھا، تاہم انخلا کے عمل کو جمعرات کی رات تک مؤخر کردیا گیا۔ متحارب گروہوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے نتیجے میں قصبوں سے آبادی کو منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل کی گئی تھیں۔ اس مقصد کے لیے محصور علاقوں میں درجنوں بسوں کو داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔ واضح رہے کہ یہ معاہدہ گزشتہ ماہ ایران اور قطر کے تعاون سے طے پایا تھا۔ دوسری جانب اسی معاہدے کے تحت قیدیوں کا تبادلہ ہواہے۔ رپورٹ کے مطابق کفریا اور فوعہ میں اسدی فوج اور شیعہ جنگجوؤں کے پاس قید 19 افراد کو آزاد کر دیا گیا ہے، جب کہ ان کے بدلے میں شامی مزاحمت کاروں نے اپنے پاس قید 12 اسد حامی جنگجوؤں کو آزاد کیا ہے۔
انخلا مؤخر